حد بندی کا طریقہ کار منصوبہ بند سازش : نیشنل کانفرنس

   

سری نگر ۔ جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس نے حدبندی کمیشن کی طرف سے ایسوسی ایٹ ممبران کے لئے دستیاب رکھے گئے ورکنگ پیپر کے مسودے یکسر مسترد کردیا ہے ۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس مجوزہ مسودے کو یکسر مسترد کرتی ہے اور پارٹی تجویز کردہ مسودے پر مکمل تبادلہ خیالات اور اس کے مضرات پر بات کرنے کا وقت ملنے کے بعد ایک تفصیلی جواب پیش کریگی۔ نیشنل کانفرنس کا روز اول سے ہی یہ موقف رہاہے کہ حدبندی کمیشن کا قیام غیر قانونی ہے کیونکہ جس جموں وکشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019کے تحت اس کا قیام عمل میں لایا گیاہے اُس کی جوازیت سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اس کیلئے سپریم کورٹ نے ایک آئینی بنچ بھی قائم کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر کی حدبندی نہ صرف آئین کے منافی ہے بلکہ سپریم کورٹ کی توہین کے مترادف بھی ہے ۔