حرمین اوردیگر مساجد میں نماز استسقاء، باران رحمت کیلئے دعا

,

   

مکہ مکرمہ ۔ حرمین شریفین سمیت سعودی عرب کی بیشتر مساجد میں آج صبح نماز استسقا اداکی گئی۔ ویب سائٹ کے مطابق نماز استسقا کے اجتماعات میں علاقائی گورنروں سمیت اعلی عہدیدار شامل تھے۔ نماز استسقا کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نمازیوں میں پیش پیش تھے۔مکہ مکرمہ پولیس کے سربراہ جنرل عید بن سعد العتیبی اور مسجد الحرام فورس کے سربراہ کرنل محمد البقمی بھی موجود تھے۔نماز استسقا کی امامت مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی نے کی اورخطبہ دیا۔ دوسرا بڑا اجتماع مسجدنبوی ﷺ میں ہوا جہاں نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل کے علاوہ گورنریٹ کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔نماز کی امامت شیخ عبد الباری الثبیتی نے کی جبکہ بعد ازاں موثرخطبہ بھی دیا جس میں مسلمانوں کو توبہ و استغفار کی ترغیب دی گئی۔ اسی طرح کا اجتماع ریاض علاقے کے جامع مسجد امام ترکی بن عبد اللہ میں بھی دیکھا گیا جہاں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بھی موجود تھے۔نماز استسقا کے اجتماعات جدہ، نجران، قصیم، مشرقی علاقے، جازان، عسیر، حائل اور دیگر تمام علاقوں اور شہروں میں ہوئے جن میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔