حزب اللہ پرحملہ پوری صہیونی دور حکومت کی بڑی غلطی ہو گی: ایران

   

تہران: ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے گولان کی مقبوضہ پہاڑیوں کے نزدیک حملہ کی آڑ میں حزب اللہ پر حملہ کیا گیا تو یہ پوری صہیونی رجیم کی بہت بڑی غلطی ہو گی۔ عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے ٹیلی فون رابطے کے ذریعہ یہ گفتگو کی۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ حزب اللہ پر حملے کی صورت میں اسرائیل کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ایران کے نئے صدر نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی طرف ان کے بطور صدر منتخب ہونے کی توثیق کے بعد اپنی ذمہ داریاں اتوار کے روز باضابطہ سنبھال لی ہیں اور امکان ہے کہ مسعد پزشکیان صدارت کا حلف منگل کے روز ایرانی پارلیمنٹ میں لیں گے۔
لندن میں چاقو سے حملہ، 2 بچے ہلاک
لندن : برطانیہ میں ڈانس ورکشاپ کے دوران چاقو کے وار سے 2 بچے ہلاک جبکہ نوعمر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق شہر لیورپول کے قریب سمندر کے کنارے واقع ساؤتھ پورٹ میں تقریباً 6 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے لیے ٹیلر سوئفٹ کی تھیم پر مبنی ڈانس اور یوگا ایونٹ منعقد کیا گیا تھا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق مرسی سائیڈ کاؤنٹی میں بچوں کی ڈانس ورکشاپ میں چاقو سے حملہ کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 بچے ہلاک، 9 زخمی اور 6 کی حالت تشویشناک ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ہارٹ اسٹریٹ پر پیش آیا ہے، قتل اور اقدام قتل کے شبے میں17 سالہ لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔
اور نہ ہی فی الحال واقعہ کو دہشت گردی سمجھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب چشم دید گواہ کا کہنا ہے کہ اس نے خون آلود بچوں کو کمیونٹی سینٹر سے باہر بھاگتے ہوئے دیکھا ہے۔