حزب اللہ کا اسرائیل پردرجنوں راکٹ فائر کرنے کا دعویٰ

   

بیروت:لبنان کے ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ نے اسرائیلی توپ خانوں کی پوزیشنز پر ’درجنوں کیٹوشا راکٹ‘ فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں راکٹ داغے گئے ہیں۔سات اکتوبر کو غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے حماس کے حمایتی گروپ حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے۔حزب اللہ نے کہا کہ دشمن کی جانب سے جنوبی گاؤں اور شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنانے کے جواب میں ایسا کیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’لبنانی سرزمین سے ہونے والے تقریباً چالیس راکٹ حملوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

جن میں سے کچھ کو روک لیا گیا۔اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس حملے سے قبل حزب اللہ کی جانب سے دو ڈرون حملے کیے گئے تھے جنہیں روک لیا گیا تھا۔لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل نے سرحد کے قریب واقع متعدد گاؤں پر بمباری کی ہے۔پرتشدد واقعات میں اب تک 363 لبنانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے اکثریت حزب اللہ کے جنگجوؤں کی ہے تاہم 70 کے قریب شہری بھی شامل ہیں۔