سدی پیٹ 3نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اور بی سی ویلفیئر پونم پربھاکر نے بتایا کہ ایل نینو کے اثرات کی وجہ سے ضلع سدی پیٹ کے حسن آباد حلقہ میں واقع حسناباد، کوہیڑا اور اکناپیٹ منڈلوں میں شدید بارش کی کمی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، اور قحط کے حالات کے باعث عوام اور کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر پونم پربھاکر نے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو خط لکھ کر ان تینوں منڈلوں کو بھی قحط زدہ منڈل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر نے اپنے خط میں ذکر کیا کہ ایل نینو کے اثرات کے باعث مناسب بارش نہ ہونے کی وجہ سے ان منڈلوں میں قحط کے حالات پیدا ہوئے ہیں، جس کا زرعی شعبے پر شدید اثر پڑا ہے اور آنے والے دنوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حسناباد حلقہ کے کل سات منڈلوں میں سے اب تک صرف دو منڈلوں کو ہی قحط زدہ قرار دیا گیا ہے، جبکہ باقی پانچ منڈلوں میں بھی شدید بارش کی کمی کے حالات ہیں۔ عوام اور کسانوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ ضلع صدی پیٹ کے حسناباد، کوہیڑا اور اکناپیٹ منڈلوں کو بھی قحط زدہ منڈل قرار دیں۔وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ شدید بارش کی کمی کے پیش نظر ان کے منڈلوں کو قحط زدہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان منڈلوں اور دیہاتوں کے عوام متفقہ قراردادیں منظور کر رہے ہیں۔ وزیر پونم پربھاکر نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ وہ عوام اور کسانوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حسناباد، کوہیڑا اور اکناپیٹ منڈلوں کو قحط زدہ منڈل تسلیم کریں اور ضروری اقدامات کریں۔