’’حضرت ابوبکر صدیق ؓحضور ؐ کے جانشین اور خلیفہ بلافصل‘‘

   

علماء نظامیہ آرگنائزیشن کا جلسہ، مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 14 جنوری (راست) نبی رحم ؐ نے امت کی ہدایت و رہنمائی کے لئے اہل بیت اطہار اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا انتخاب فرمایا۔ سوادا عظم اہل سنت ہر دو مقدس گروہ کا اکرام و احترام کرتے اور ان میں کسی ایک کی بھی بے ادبی و گستاخی کو گمراہی سمجھتے ہیں۔ یوں تو حضور ؐ کے تمام صحابہ ہدایت کے چمکتے ستارے ہیں لیکن ان میں سیدنا صدیق اکبر ؓ کی شان جدا گانہ ہے۔ تمام انبیاء ورسل عظام کے بعد بالا تفاق، افضل البشر ابوبکر صدیق ؓ ہیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد سیدنا صدیق اکبر ؓ نے بڑی محنت فرمائی اور آپ کی دعوت پر مکہ کے بڑے بڑے شخصیات اسلام قبول کئے۔ اس طرح حضرت ابوبکر حضور ؐ کے بعد اسلام کے دوسرے داعی قرار پائے۔ علماء نظامیہ آرگنائزیشن حیدرآباد کے زیر اہتمام جامع مسجد سیدنا صدیق اکبر ؓ حافظ بابا نگر میں منعقدہ جلسہ افضلیت صدیق اکبر ؓ سے مہمان خصوصی مولانا مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر نقشبندی، سابق نائب مفتی جامعہ نظامیہ، نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا نے مزید کہا کہ اعلان نبوت کے بعد 13 سالہ مکی زندگی میں اسلام کے لئے سب سے زیادہ نفع بخش ذات کوئی نظر آتی ہے تو سیدنا صدیق اکبر ؓ کی ذات گرامی ہے۔ دعوت و تبلیغ کے سلسلہ میں آپ قبیلوں اور افراد کا انتخاب فرماکر حضور ؐ کی خدمت میں ان کے نام پیش فرماتے۔ مرض وصال سے قبل حضور پاک علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنے مصلیٰ پر امامت کے لئے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو منتخب کیا۔ صحابہ کرام نے رسول پاک کے اس انتخاب پر قیاس کیا کہ حضور ؐ نے صدیق اکبر ؓ کو دین میں ہمارا امام بنایا تو ہم نے صدیق اکبر ؓ کو اپنی دنیا کا امام بنا لیا۔ تمام صحابہ کرام جب خلیفہ اول کی خلافت پر متفق ہوگئے تو اب قیامت تک یہ قانون ہے۔ اس بات کو کوئی تسلیم نہ کرے تب بھی یہی قانون ہے۔ مولانا مفتی محمد حنیف قادری نے مہمان خصوصی اور شرکا کا خیرمقدم کیا۔ مولانا سید فراست علی قادری نے نظامت کی۔ انتظامی کمیٹی جامع مسجد کے ذمہ داران کی جانب سے مہمان خصوصی کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر مرزا عبدالرحیم بیگ قادری، مولانا حافظ سید یوسف علی اظہر نقشبندی، مولانا حافظ سید توفیق اللہ حسینی بخاری، مولانا قاضی مختار نظامی، مولانا سید منہاج علی عابدی قادری، مولانا سید یونس علی خضر نقشبندی، مولانا الحاج محمد عبدالقدوس نظامی و دیگر علماء کرام، فارغین جامعہ نظامیہ، ائمہ مساجد اور مصلیان مسجد ہذا نے شرکت کی۔
طوربیت المال کے اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد 14 جنوری (پریس نوٹ) طوربیت المال کا ماہانہ اجلاس بابتہ ڈسمبر 2023 ء بروز یکشنبہ 11 بجے دن بصدارت محمد شمس الدین اعظمی ایڈوکیٹ و صدر مجلس منعقد ہوا۔ مولانا جعفر پاشاہ حسامی کی قرأت کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹر محمد سلیم شریک معتمد نے ماہ ڈسمبر کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ 217 ارکان کو قرض کفالتی 20 لاکھ 54 ہزار روپیہ جاری کئے گئے۔ 470 ارکان سے 22 لاکھ 35 ہزار 900 روپیہ قرض کفالتی وصول ہوئے۔ 95 ارکان کو ان کے شخصی کھاتوں سے بحساب 50% قرض مشروط 2 لاکھ 66 ہزار 400 روپیہ واپس کئے گئے۔ ماہ ڈسمبر شادی کی درخواستوں پر 33 ہزار 500 روپیہ بمد زکوٰۃ سے جاری کئے گئے۔ 38 ارکان کو علاج و تعلیم کے لئے حسب تجویز صدر صاحب 30,200/- روپئے بمد اضطراری فنڈ سے جاری کئے گئے۔ اجلاس میں غلام یزدانی سینئر ایڈوکیٹ و مشیر قانونی، سید اسمٰعیل نائب صدر، آصف علی خان خازن، خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ، محمد انورالدین ایڈوکیٹ، محمد ظہیرالدین، عظمت اللہ صدیقی، محمد اسمٰعیل ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔ مولانا جعفر پاشاہ حسامی کی دُعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

وٹے پلی میں آج غریب نوازؒ کانفرنس
حیدرآباد 14 جنوری (راست) شیخ جاوید رضا صدر عاشقان مدینہ ویلفیر سوسائٹی کے بموجب سوسائٹی ہذا اور نوجوانان محلہ وٹے پلی کے زیراہتمام بموقع عرس سلطان الہند عطاء حضور حضرت سیدنا معین الدین چشتی حسن اجمیریؒ غریب نواز کانفرنس 15 جنوری بروز پیر بعد نماز مغرب تا رات 11 بجے شب وٹے پلی روڈ روبرو المدینہ دربار منعقد ہوگی۔ مولانا محمد حامد حسین حسان فاروقی نگرانی کریں گے۔ مہمان مقرر مولانا محمد صادق رضوی قادری ممبئی، مہمان خصوصی بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ، جناب محمد مبین اور محمد سلیم، مولانا محمد عرفان قادری، مولوی سید عبدالرزاق شاکر نوری خطاب کریں گے۔ مولانا حافظ محمد حاجی نوری مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

اجتماعی زیارت قائد ملت نواب بہادر یار جنگؒ
حیدرآباد 14 جنوری (راست) حضرت قائد ملت نواب محمد بہادر یار جنگؒ کی برسی کے موقع پر مرکزی انجمن مہدویہ کی جانب سے قائد مرحوم کی مزار حظیرہ سیدنا حضرت بندگی میاں شاہ قاسم مجتہد گروہؒ پر اجتماعی زیارت 16 جنوری بروز منگل بوقت 4.30 بجے شام زیرقیادت جناب سید محمود شہاب الدین کاشف میاں صدر مرکزی انجمن مہدویہ مقرر ہے۔