حضرت صوفی شاہ محمد عبدالشکور قادری ؒ

   

صوفی محمد عبدالرحمن تبریز پاشاہ
ممتاز عالم دین صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری رازؔؒ واعظ سرکار عالی مسجد چوک کے فرزند اکبر حضرت شیخ طریقت الحاج صوفی شاہ محمد عبدالشکور قادری چشتیؒ کی ولادت ۱۱؍ ربیع الاول ۱۳۰۷؁ ھ کو شہر حیدرآبا دکن میں ہوئی ۔ آپ حضرت حاجی میر عالم شاہ صوفی مجددی نقشبندیؒ خلیفۂ خاص حضرت نقشبند دکن علامہ سعداللہ شاہ نقشبندی مجددیؒ ( گھانسی بازار) کے نبیرہ ہیں۔ آپ عالم ، فاضل ، منشی اور حکیم ہونے کے علاوہ اردو عربی فارسی اور تلگو زبان پر عبور رکھتے تھے ۔ ۱۳۴۷؁ ہجری میں آپ کا محترمہ عصمت النساء بیگم بنت سید شریف الدینؒ کے ساتھ عقد نکاح ہوا اور ۱۳۵۳؁ ھ کو آپ کے والد محترم حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر رازؔ نے بیعت و خلافت سے سرفراز فرمایا اور اپنا جانشین بنایا ۔ آپؒ نے اپنے فرزند حضرت الحاج صوفی شاہ محمد عبدالرزاق قادری چشتی کو ۱۹۶۳؁ء کو بیعت و خلافت سے سرفراز کیا اور اپنا جانشین اور حضرت سلطان الواعظینؒ کی درگاہ کا سجادہ نشین و متولی منتخب فرمایا۔ تقریب جانشینی میں اس وقت کے ممتاز علماء و مشائخین نے شرکت فرمائی ۔ حضرت ممدوحؒ کا ۲۶؍ ذی الحجہ ۱۳۴۸؁ھ کو وصال ہوا اور صوفی منزل مصری گنج میں آپ کی تدفین عمل میں آئی ۔ حضرت کے سالانہ تقریب عرس کا ۲۵؍ ذی الحجہ کو درگاہ شریف صوفی منزل میں انعقاد عمل میں آیا۔