حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم روک دی گئی

   

الیکشن کمیشن کا فیصلہ ، چناؤ سے عین قبل ٹی آر ایس کو دھکہ

حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) حضورآباد ضمنی چناؤ سے عین قبل برسر اقتدار ٹی آر ایس کو اُس وقت دھکہ لگا جب الیکشن کمیشن نے رائے دہی کی تکمیل تک دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری روکنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے پائلیٹ پراجکٹ کے طور پر حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر شیشانک گوئل نے اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کی تھی۔ کمیشن نے آج اپنے مکتوب میں اسکیم پر عمل آوری رائے دہی کی تکمیل تک روکنے کی ہدایت دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے پرنسپل سکریٹری اویناش کمار نے اپنے مکتوب میں ڈاکٹر شیشانک گوئل کے 8 اگسٹ کے مراسلہ کا حوالہ دیا اور کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے حضورآباد اسمبلی حلقہ میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری سے متعلق تفصیلی غور کیا ہے جہاں 30 اکٹوبر کو رائے دہی مقرر ہے۔ الیکشن کمیشن رائے دہی کی تکمیل تک حضورآباد کے حدود میں دلت بندھو اسکیم سے متعلق تمام اُمور پر روک لگانے کی ہدایت دیتا ہے۔ کمیشن نے اس سلسلہ میں چیف الیکٹورل آفیسر سے 19 اکٹوبر دوپہر 2 بجے تک رپورٹ طلب کی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے دلت طبقات کی معاشی ترقی کے لئے اسکیم کو متعارف کیا تھا جس کے تحت ہر دلت خاندان کو 10 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انتخابات سے قبل حضورآباد میں پائلیٹ پراجکٹ کے طور پر عمل آوری شروع کی گئی۔ واضح رہے کہ اپوزیشن بی جے پی اور کانگریس نے دلت بندھو اسکیم کے حضورآباد میں آغاز پر اعتراض جتاتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر سے شکایت کی تھی۔ حکومت نے حضورآباد میں مستحق خاندانوں کی نشاندہی کا عمل مکمل کرلیا تھا اور استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹس میں رقم جاری کردی گئی۔’’ ر‘‘