حقیقی خط قبضہ پر چین کا دعویٰ مسترد:ہندوستان

   

لداخ کے علاقہ پر ہندوستان غیر قانونی قابض، چین کی غیرمعمولی اشتعال انگیزی

نئی دہلی : چین نے پھر ایک مرتبہ ہندوستان کو مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے۔ لداخ کے مرکزی زیرانتظام علاقہ کو ہندوستان کا حصہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہاکہ ہندوستان اِس علاقہ پر غیرقانونی طور پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں ہندوستان کی انفراسٹرکچر تیاریوں وہ سخت ترین مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ چین لداخ کے نام نہاد مرکزی زیرانتظام علاقہ کو تسلیم نہیں کرتا۔ ہندوستان اِس پر غیرقانونی طور پر قابض ہے۔ وہ متنازعہ سرحدی علاقوں میں تعمیری سرگرمیوں کی مخالفت کرتا ہے۔ ہندوستان یہاں فوجی کنٹرول کے مقصد سے تعمیری سرگرمیاں جاری رکھا ہوا ہے۔ اُنھوں نے سرحد سے متصل علاقوں میں ہندوستان کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کی مخالفت کی۔ حال ہی میں چین اور ہندوستان کے درمیان اِس بات پر اتفاق رائے ہوا تھا کہ سرحدی علاقوں میں کوئی کارروائیاں نہیں کی جانی چاہئیں۔ اِس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوجائے گی۔ دونوں جانب کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔ ہندوستان نے آج کہاکہ وہ لداخ میں حقیقی خط قبضہ کے مقام پر چین کے دعوے کو پرزور طور پر مسترد کرتا ہے۔ ہندوستان نے چین کو یاد دلایا کہ 1959 ء میں بھی چین نے اِسی طرح کا دعویٰ کیا تھا جس پر باہمی اتفاق رائے نہیں تھا۔ دونوں ممالک ایل اے سی کی تصدیق کے ساتھ اِس علاقہ کی تفصیلی وضاحت کے پابند ہیں۔ یہ علاقہ مشترکہ مفاہمت کا مقام ہے۔ چین کی جانب سے مسلسل دراندازی کی جاتی رہی ہے۔

ہندوستان کے مقام سے چین اچھی طرح واقف ہے اِس کے باوجود وہ ناعاقبت اندیش کارروائیوں میں ملوث ہے۔ 2003 ء تک دونوں ملکوں نے ایل اے سی کی توثیق کرتے ہوئے اِس علاقہ کی حد بندی کی وضاحت کی تھی لیکن اِس عمل میں مزید پیشرفت نہیں ہوسکی کیوں کہ چین کی جانب سے اِس سلسلہ میں کوئی مثبت ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ ہندوستان نے وزارت خارجہ چین کے دیئے گئے بیان کو مسترد کردیا۔ مغربی سیکٹر میں ایل اے سی پر عدم اتفاق رائے اُس وقت شروع ہوا جب اُس وقت کے وزیراعظم جواہرلال نہرو اپنے چینی ہم منصب ژوہو انلائی کے ساتھ ملکر ایل اے سی کی تفصیلات پر بات چیت کی تھی اور اِس کے علاقائی حدود کو متعین کرنے پر زور دیا تھا لیکن اب یہ مسئلہ تنازعہ کا شکار ہے۔ اسی دوران ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ چیف آف ایر اسٹاف چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے کہا کہ ہمارے شمالی سرحدی محاذوں پر موجودہ سیکوریٹی کی صورتحال جنگ جیسی نہیں ہے اور نہ ہی یہاں پر امن کا موقف پایا جاتا ہے ۔ تاہم کسی بھی کشیدہ صورت میں ہماری فورس کارروائی کیلئے تیار ہے۔