غزہ، 27 اگست (یو این آئی) غزہ امن کونسل کے اعلیٰ نمائندے نکولائے ملاڈینوف نے اعلان کیا کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس اور غزہ میں موجود دیگر مسلح گروپ اپنے ہتھیار ڈالنے اور تمام شہری و سیکیورٹی اختیارات اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ عبوری انتظامیہ کو منتقل کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔ کونسل سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق، ملاڈینوف نے یہ بات امریکی حمایت یافتہ غزہ امن منصوبے کے نفاذ کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے بریفنگ اجلاس میں کہی۔ ملاڈینوف نے کہا، “حماس اور غزہ کے مسلح گروپوں نے پہلی بار اپنے ہتھیار ڈالنے اور شہری و سیکیورٹی سمیت تمام انتظامی اختیارات اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ عبوری انتظامیہ کو منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے ۔