حمایت سا گر بھی لبریز !!

,

   

کسی بھی وقت دروازے کھولے جاسکتے ہیں
موسی ندی کے کنار ے بستیوں کا تخلیہ ‘ عوام کی منتقلی
حیدرآباد۔ کیا آپ یقین کرینگے کہ شہر کا ایک تاریخی ذخیرہ آب حمایت ساگر لبریز ہوچکا ہے۔ گذشتہ دنوں سے جاری موسلادھار بارش اور آبگیر علاقوں سے پانی کے بہاؤ سے حمایت ساگر لبریز ہوچکا ہے۔ اب کسی بھی وقت حمایت ساگر کے دروازوں کو کھول دیا جائیگا۔مسلسل بارش اور آبگیر علاقوں سے پانی کے بہاو اور حمایت ساگر کی موجودہ سطح آب کو دیکھتے ہوئے متعلقہ حکام آج شام حمایت ساگر پہونچ گئے اور انہوں نے دراوزے کھولتے ہوئے پانی کی نکاسی کے امکانات کا جائزہ لیا ۔ کہا گیا ہے کہ پانی کے بہاو کو دیکھتے ہوئے کسی بھی وقت حمایت ساگر کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کی نکاسی عمل میں لائی جاسکتی ۔ پانی کے بہاؤ کو دیکھتے ہوئے ریونیو اور پولیس حکام نے عجلت میں اجلاس طلب کیا اور موسی ندی سے منسلک بستیوں کو خالی کروانا شروع کردیا۔ کشن باغ پراناپل ، ندی مسلائی گوڑہ، چادر گھاٹ، املی بن، کاچی گوڑہ، ناگول علاقوں میں عوام کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ کشن باغ اسد بابا نگر کے تقریباً 50 خاندانوں کو قریب میں واقع شادی خانہ منتقل کیا گیا۔ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب1763 فیٹ یعنی 2.77 ٹی ایم سی بتائی گئی ہے۔ اب موجودہ سطح آب 1754.90 فیٹ تک پہنچ گئی ہے۔ حمایت ساگر، معین آباد، پرگی و دیگر مقامات سے پانی کا بہاؤ جاری ہے جس سے سطح آب میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس غیر متوقع اضافہ کو دیکھتے ہوئے سرکاری حکام چوکس ہوگئے ہیں۔ حمایت ساگر کے نشیبی علاقوں بالخصوص موسی ندی سے منسلک بستیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اچانک سرکاری عہدیداروں کے نمودار ہونے سے عوام میں سنسنی پیدا ہوگئی اور وہ اپنا ضروری سامان سمیٹتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے لگے ۔ حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کے بعد حالات پر قابو پانے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کئی برس بعد حمایت ساگر سے پانی کے اخراج عمل میں آسکتا ہے ۔