حمڈا کی جانب سے اہم روٹس پر 6ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی

   

حیدرآباد۔ 20اپریل ( یواین آئی ) اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ شہری ترقی تلنگانہ اروند کمار نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں ٹینک بنڈ، پرانا شہر، فینانشیل ڈسٹرکٹ وغیرہ کی اہم روٹس پر 6ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔ ٹوئیٹر پر اروند کمار نے ڈبل ڈیکر بس کی تصویر کو پوسٹ کرکے کہا کہ حیدرآباد کی سڑکوں پر ای۔ڈبل ڈیکرس چلائی جائیں گی۔ حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے کئی سیاحتی علاقوں کا احاطہ کرنے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔حمڈانے 12.96 کروڑ روپے میں 6 ڈبل ڈیکر اے سی الیکٹرک بسیں خریدی ہیں۔ٹینک بنڈ، برلامندر، اسمبلی، سالارجنگ میوزیم، چارمینار، مکہ مسجد، تارہ متی بارہ داری، گولکنڈہ، گنڈی پیٹ پارک، درگم چیرو تالاب، آئی ٹی کاریڈار و فینانشیل ڈسٹرکٹ کے علاقوں کا احاطہ یہ بسیں کریں گی۔ صبح میں یہ بسیں ٹینک بنڈ سے چلائی جائیں گی اور مختلف مقامات پر چلائے جانے کے بعد دوبارہ ٹینک بنڈ واپس ہوں گی۔