حوالہ ریاکٹس کے مزید انکشافات

   


ترپ بازار میں 63.50 لاکھ اور پنجہ گٹہ میں 20 لاکھ روپئے برآمد
حیدرآباد : /23 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر میں حوالہ ریاکٹس کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور ایک تازہ ترین کارروائی میں ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے علاقہ تروپ بازار میں حوالہ کی رقم منتقل کرنے والے 4 افراد اور ایک گاہک کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کانتی لال ، کشور سنگھ ، پیب سنگھ ، محمد عبدالفرید 63 لاکھ 50 ہزار حوالے کی رقم موٹر سائیکل پر منتقل کررہے تھے کہ اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے رانوجا مارکٹنگ الیکٹریکل گودام پر دھاوا کیا اور وہاں پر موجود مذکورہ افراد کے قبضہ سے حوالے کی رقم برآمد کی گئی ۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ جوگ سنگھ حوالہ ریاکٹ کا سرغنہ ہے اور اس کی ایماء پر گرفتار افراد حوالے کا کاروبار چلاتے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ ضبط شدہ رقم فیل خانہ کے دلیپ سے حاصل کی گئی تھی اور اس رقم کو سندیپ سنگھ کے حوالے کئے جانے والی تھی ۔ ٹاسک فورس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے 63 لاکھ 50 ہزار نقد رقم برآمد کرلی اور انہیں متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں پنجہ گٹہ پولیس نے ہوٹل پارک کے قریب ایک کار کی تلاشی کے دوران 20 لاکھ روپئے ضبط کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سب انسپکٹر محمد رفیع کی زیرنگرانی پولیس کی کارروائی کی جارہی تھی اور اس دوران ایک کار مشتبہ حالت میں سوماجی گوڑہ کی سمت جارہی تھی اور پولیس کی ٹیم نے اس کار کو روک کر تلاشی لی اور بعد ازاں کار سے 20 لاکھ روپئے برآمد کئے گئے ۔