حوثی نوعمر بچوں کو فوج میں بھرتی نہ کریں امریکی سفارتخانہ کا مطالبہ

   

صنعاء ۔ 20 نومبر (ایجنسیز) یمن میں قائم امریکی سفارتخانہ نے ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوعمر یمنی بچوں کو جنگ کا ایندھن بنانے کیلئے فوج میں بھرتی نہ کریں۔ کیونکہ یمنی بچوں کی عمر سکولوں میں پڑھنے اور کھیلنے کودنے کی ہے۔ جنگ میں جھونکے جانے کی نہیں ہے۔ یہ بات سفارت خانے کے ترجمان خالد ووفسبرگ نے عربی زبان میں جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں جمعرات کے روز کہی ہے۔یمنی حوثیوں پر ایک عرصے سے الزام لگتا ہے کہ وہ بچوں کو بھی اپنے جنگجو بنا کر لڑائی میں جھونک رہے ہیں۔ حوثیوں پر یہ الزام اس وقت بھی لگا جب انہوں نے خانہ جنگی کے دوران 2014 میں دارالحکومت پر طاقت سے قبضہ کر لیا۔اب ماہ اگست میں جب سے انہوں نے یمن کی سرکاری فوج کے خلاف حملے شروع کیے ہیں پھر سے بچوں کو لڑائی میں دھکیل رہے ہیں۔ جس کے نتیجہ میں پوری نئی نسل نفرت ، جنگ اور موت کا شکار بن کر ایرانی مفادات کیلئے کام آرہی ہے۔