حکومت سے ایرپورٹ نوائس زون ریگولیشنس میں ترمیمات

   

حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی نے ایرپورٹس کے قریب عمارتوں کی تعمیرات کے تعلق سے اہم احکامات جاری کئے ہیں۔ ایرپورٹ نوائس زون ریگولیشنس میں تبدیلیوں کے حکومت کے اس فیصلہ سے رئیل اسٹیٹ اور عام لوگوں دونوں کیلئے بہت فائدہ ہوگا۔ حکومت تلنگانہ نے ایرپورٹس جیسے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ حیدرآباد کے اطراف عمارتوں کی تعمیرات پر موجودہ پابندیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ ان ترممات کا اعلان جی او ایم ایس نمبر 168 کے ذریعہ کیا گیا، جس کے ذریعہ تلنگانہ بلڈنگ رولز 2012ء میں ترمیم کی گئی۔ خصوصی طور پر ان ترمیمات کا اطلاق جی او ایم ایس نمبر 168 مورخہ 7 اپریل 2025ء کے قاعدہ 3(d)(iii) پر ہوتا ہے۔ سابق میں ان علاقوں میں تعمیرات پر سخت کنٹرول نافذ تھا، ایرکرافٹ مومنٹ سے ہونے والی صوتی آلودگی (نوائس پولیوشن) کے باعث یہ پابندی تھی۔ تاہم حکومت نے کہا کہ شہری ترقی کی ضرورت اور پبلک سیفٹی کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ حکومت نے اب نوائس زون سے متاثرہ علاقوں میں تعمیرات کیلئے پرمیشن کے تعلق سے کافی کلاریٹی فراہم کی ہے۔ نوائس زون کے تحت آنے والے علاقوں میں بلندی اور بلڈنگ پرمیشن سے متعلق کئی پابندیوں کو برخاست کردیا گیا ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ان مقامات پر رہنے والوں پر طیاروں کی آواز کے مضر اثرات مرتب نہ ہوں، عمارتوں کی تعمیرات کے دوران ساونڈ پروفنگ معیارات پر عمل کرنے کو لازمی بنائے جانے کا امکان ہے۔ ایرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں تیز تر ترقی کے پیش نظر یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا تاکہ رئیل اسٹیاٹ ترقی میں رکاوٹ نہ ہو۔ نوائس زون ۔ 1 اور نوائس زون ۔ 2 جیسی زمرہ بندی کی اساس پر ریاستی حکومت نے رہائشی اور کمرشیل مقاصد کیلئے عمارتوں کی تعمیر سے متعلق واضح رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔A/H