حکومت فلمی صنعت کے مسائل حل کرنے تیار لیکن لا اینڈآرڈر پر سمجھوتہ نہیں

   

بنیفٹ شو کی اجازت نہیں۔ اسمبلی میں دئے گئے بیان پرقائم ۔ تلگو فلمی صنعت کے نمائندوں سے ملاقات میں چیف منسٹر کا اٹل موقف

حیدرآباد 26 ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج تلگوفلمی صنعت کے نمائندوں سے ملاقات میں واضح کردیا کہ ریاست میں آئندہ کوئی بینیفٹ شو کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس کمانڈ کنٹرول میں اجلاس کے دوران تلگو فلمی صنعت اور حکومت کے درمیان خلیج کو دور کرنے اس اجلاس میں صدرنشین فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن مسٹر دل راجو نے فلمی صنعت کی صورتحال سے واقف کروایا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ‘ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی وزیر عمارات و شوارع و سینماٹوگرافی و دیگر موجود تھے ۔ اجلاس میں چیف منسٹر نے تلگو فلمی صنعت کے ذمہ دار نمائندوں پر یہ واضح کردیا کہ اسمبلی میں جو بیان انہوں نے دیا وہ اس پر سختی سے کاربند رہنے والے ہیں اور آئندہ کسی بھی فلم کیلئے کوئی ’بینیفٹ شو‘ کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کے معاملہ میں حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور فلمی ستاروں کو اپنی سیکیوریٹی کا خیال رکھنا ہوگا اس کے علاوہ باؤنسرس کے معاملہ میں حکومت سخت موقف اختیار کرکے کارروائی کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ فلمی ستاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے مداحوں کی حفاظت کو خود یقینی بنائیں اور دوبارہ ایسے حالات پیدا نہ ہوں اس کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت سے جو فیصلہ کیاگیا اس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایاکہ ریاستی حکومت نے نندی ایوارڈ کی جگہ غدر ایوارڈ کا اعلان کرکے یہ ایوارڈس دینے کے عمل کا بھی آغاز کردیا ہے اور فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین کی حیثیت سے دل راجو کو نامزد کیاگیا ہے۔ انہوں نے تلگو فلم صنعت کے نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور سماجی برائیوں کے خاتمہ بالخصوص منشیات کے خلاف مہم کو یقینی بنائیں اور عوام میں شعوراجاگر کرنے اقدامات کریں۔ انہوں نے تلنگانہ میں منادر کی سیاحت اور ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کیلئے کام کرنے کا فلمی صنعت کو مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت فلمی صنعت کے تمام مسائل کو حل کرنے کے معاملہ میں سنجیدہ ہے اور آئندہ تلگو فلم صنعت کو بین الاقوامی سطح پر پہنچانے حکومت صنعت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ میں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے انعقاد کیلئے بھی تیار ہے اور وہ تلگو فلم صنعت کے سرکردہ ذمہ داروںسے تعاون کے متمنی ہیں۔ ریونت ریڈی کے ہمراہ اجلاس میں مسٹر ناگرجنا ‘ مسٹر مرلی موہن ‘ مسٹر سریش بابو مسٹر راگھویندرا کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میں تلگو فلم صنعت بھی حکومت کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی اورادویات سازی کی صنعت کی طرح انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ اجلاس میں شریک فلمی صنعت کے ذمہ داروں نے حکومت سے تلگوفلمی صنعت کیلئے اقدامات کی سراہنا کی اور کہا کہ حکومت فلمی صنعت کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ملاقات میں تلنگانہ میں فلم صنعت کے فروغ کیلئے اقدامات کے متعلق صنعت سے وابستہ ذمہ داروں نے تجاویز پیش کیں اور سندھیا تھیٹر میں ’پشپا 2‘ کے پریمیئر شو کے دوران پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔3