حکومت پا کستان کا نواز اور زرداری کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ: پی پی پی

   

اسلام آباد۔28۔اگست(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ -نواز(پی ایم ایل این ) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر شہباز شریف نے پاکستانی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے ،کیونکہ وہ ان کے لیڈروں کو جائز سہولیات مہیا نہیں کرا رہی ہے ۔نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حکومت کے رویہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ،پی ایم ایل -این کے صدر نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)حکومت پر الزام لگایا کہ وہ سابق وزیراعظم کو جائز طبی سہولیات مہیانہیں کرارہی ہے بلکہ اس نے انہیں کارڈیک ایمبولینس تک دینے سے انکار کردیا۔مسٹر شریف نے کہا ‘‘یہ قدم سیاسی دشمنی کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔ایک مریض کو علاج سے دور رکھنا،اسے قتل کرنے کے مترادف ہے ۔’’انہوں نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کو کچھ بھی ہوتا ہے تو اس کے ذمہ دار وزیر اعظم عمران خان ہوں گے ۔روزنامہ ‘ڈان’ کے مطابق سابق وزیر اعظم کے نجی ڈاکٹر عدنان خان نے پنجاب کے چیف سکریٹری کو لکھے ایک خط میں حکومت سے مسٹر شریف کومسلسل خصوصی طبی نگرانی میں رکھنے کی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر شریف کو مناسب طبی سہولیات ،جو کئی پریشانیوں سے نمٹنے کے لئے ہیں،نہیں دی جارہی ہیں۔اور صحت سے متعلق ان پریشانیوں کا علاج جیل میں ممکن نہیں ہے ۔پی پی پی جنرل سکریٹری نیئر حسین بخاری اور اطلاعات کی سکریٹری ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سابق صدر آصف زرداری کی صحت کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں فوری طورپر طبی امدادکی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو کسی کی زندگی کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہئے ۔عدالت کو اس قسم کے خصوصی طورپر خراب برتاؤ کا نوٹس لینا چاہئے ،جس کے ذریعہ مسٹرخان اپنے سیاسی فریقوں کو نشانہ بناکر اپنے عہدے اور طاقت کا غلط استعمال کررہے ہیں۔نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملس معاملے میں کوٹ لکھپت جیل میں سات سال کی سزا کاٹ رہے ہیں،جبکہ آصف زرداری جھوٹے بینک اکاؤنٹ معاملے میں عدالتی ریمانڈ پر اڈیالا جیل میں بند ہیں۔