حکومت ڈاکٹروں کے ساتھ فٹ بال جیساکھیل بندکرے، سپریم کورٹ نے لگائی پھٹکار

   

سپریم کورٹ نے نیٹ پی جی سپر اسپیشلٹی امتحان 2021 کے نصاب میں آخری لمحات میں تبدیلیوں کو چیلنج کرنے والی درخواست پر مرکزی حکومت کی سرزنش کی ہے۔ عدالت نے مرکز سے کہاہے کہ وہ نوجوان ڈاکٹروں کے ساتھ کھیل میں فٹ بال جیساسلوک بند کرے۔ سپریم کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرے اور آئندہ پیر کو جواب دے۔عدالت نے کہا ہے کہ ان نوجوان ڈاکٹروں کو کھیل میں فٹ بال نہ سمجھیں۔ ہم ان ڈاکٹروں کو بے حس بیوروکریٹس کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ حکومت اپنا گھر ٹھیک کرے۔ صرف اس لیے کہ کسی کے پاس طاقت ہے ، آپ اسے کسی بھی طرح استعمال نہیں کر سکتے۔ یہ ان کے کیریئر کے لیے بہت اہم ہے۔ اب آپ آخری منٹ میں تبدیلیاں نہیں لاسکتے۔جسٹس بی وی ناگراتھنا نے کہا ،’ یہ نوجوان ڈاکٹر آخری منٹ کی تبدیلیوں کی وجہ سے الجھن میں پڑ سکتے ہیں۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہاہے کہ نوجوان ڈاکٹروں کے ساتھ حساسیت کا معاملہ کریں۔ این ایم سی (نیشنل میڈیکل کمیشن) کیا کر رہا ہے؟ ہم ڈاکٹروں کی زندگیوں سے نمٹ رہے ہیں۔ آپ نوٹس جاری کرتے ہیں اور پھر پیٹرن تبدیل کرتے ہیں؟ طلباء مہینوں پہلے سے سپر سپیشلٹی کورسز کی تیاری شروع کر دیتے ہیں۔