سڑک پر چلنے والوں کو مشیر بنانے کی اجازت نہیں
حیدرآباد۔2۔ فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائیکورٹ نے حکومت کے مشیروں کے تقرر کے معاملہ میں سخت ریمارکس کئے ہیں۔ مشیروں کے تقرر کے خلاف ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست کی آج سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ نے سماعت کے موقع پر سخت ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ مشیروں کے لئے جواب دہی اور ذمہ داری کس طرح عائد کی جاسکتی ہے ۔ عدالت نے ریمارک کیا کہ مشیروں کے سلسلہ میں کوئی قواعد و ضوابط موجود نہیں ہے ۔ مشیروں کے ذریعہ حکومت کے اہم اور رازدارانہ معلومات کا باہر انکشاف ہونے کا خطرہ برقرار رہتا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ سڑک پر چلنے والے شخص کو راتوں رات حکومت کا مشیر مقرر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مشیروں کے تقررات کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط وضع کرنے سے ہائیکورٹ نے انکار کردیا۔ ہائیکورٹ نے کہا کہ مشیروں کو جو دستوری مراعات دی گئی ہیں ، اس کا ہائیکورٹ جائزہ لے گی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 20 فروری کو ہوگی۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش میں حکومت کے مشیروں کا تقرر تنازعہ کا سبب بن چکا ہے اور تقرر کے خلاف ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا۔ر