کانگریس نائب صدر کرن کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر سی ایچ کرن کمار ریڈی نے حیدرآباد اور دیگر شہروں کے ناموںکی تبدیلی سے متعلق بی جے پی رکن اسمبلی دھن پال سوریا نارائنا کے بیان کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان کی نظروں میں مقام بنانے کیلئے بی جے پی رکن نے اسمبلی میں یہ مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہونے والے دھن پال سوریا نارائنا کو چاہئے تھا کہ وہ اپنے انتخابی حلقہ کے مسائل پر اظہار خیال کرتے ۔ انہوں نے نظام آباد ، عادل آباد اور حیدرآباد کے ناموں کو تبدیل کرنے کا شرانگیز مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ لوک سبھا چناؤ میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام باشعور ہیں اور وہ بی جے پی رکن کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ارکان اسمبلی کو مرکزی حکومت پر دباؤ بناتے ہوئے تلنگانہ کا حق حاصل کرنا چاہئے ۔ مرکز نے فنڈس کی اجرائی اور دیگر معاملات میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ 1