حیدرآباد خواتین کے تحفظ اور سلامتی کیلئے محفوظ ترین شہر

   

سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کیمپس میں بین الاقوامی یوم خواتین سے شیکھا گوئل آئی پی ایس کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم؍مارچ(یواین آئی) شیکھا گوئل آئی پی ایس اے سی پی کرائم اینڈ ایس آئی ٹی حیدرآباد کو خواتین کے لئے ایک محفوظ شہر قرار دیا۔ وہ سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی حیدرآباد میں نامور ماہر نفسیات ڈاکٹر سومن رائے کی جانب سے بین الاقوامی یوم خواتین کے سلسلے میں ‘‘بہتر کے لئے مساوات’’ کے موضوع پر منعقد کئے گئے پروگرام سے مخاطب تھیں۔ ڈاکٹر شیکھا گوئل نے جو پولیس کی شی ٹیموں کی انچارج بھی ہیں کہا کہ 2014ء میں شی ٹیموں بھروسہ سنٹر، ہاک آئی اَیپ اور شہر بھر میں دو لاکھ ستر ہزار کیموں کی تنصیب سے یہ شہر ایک محفوظ مقام بن گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں جرائم کی شرح بالخصوص قتل کے واقعات میں 4فیصد کمی ہوئی ہے ۔ خواتین کے خلاف جرائم میں 25فیصد کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں گھومنے پھرنے والے افراد تقریباً ایک سو کیمروں میں ریکارڈ ہوجاتے ہیں جس سے شہر میں تحفظ و سلامتی بڑھ گئی ہے ۔ 1994ء آئی پی ایس سے تعلق رکھنے والے شیکھا گوئل نے بتایا کہ مذاق مذاق میں لڑکیوں سے چھیڑ خانی کرنے و الے 99ویں فیصد لڑکے یا مرد مجرم نہیں ہوتے تاہم بعض اوقات ان کی شرارت پر اگر کوئی مقدمہ ان کے خلاف درج ہوجائے تو مستقل طور پر ان کا کیریئر تاریک ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا ماحول خواتین کے لئے عام مقامات اور پرائیویٹ مقامات پر محفوظ ہے ۔ اسے ایسا ہی رہنے دیا جانا چاہئے ۔ ڈائرکٹر کارپوریٹ افیرس جگتی پبلیکشنز رانی ریڈی نے کہا کہ آج کی دنیا منقسم، منتشر ہے صرف خواتین ہی ہم آہنگی پیدا کرسکتی ہیں اور خواتین ہی زندگی کو متوازن بناسکتی ہے ۔ انہوں نے لڑکے اور لڑکیوں کے لئے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو رہنماوں سے بات چیت’ تنازعات کے حل کے لئے ٹیموں کی تشکیل کرنی چاہئے جس سے سماج میں مثبت تبدیلی ہوسکتی ہے ۔ پروفیسر وبھا آستھانہ پرنسپل غلام احمد ایجوکیشن نے شکریہ ادا کیا اور پروفیسر انوپما کونیرو نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکریٹری ظفر جاوید نے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ زمانہ قدیم میں بھی خواتین بااختیار تھیں۔ جھانسی کی رانی، رضیہ سلطانہ، حضرت محل، رودرما دیوی نے اپنی بہادری اور بااختیار ہونے کی مثال پیش کی۔ برصغیر ایشیا میں اندرا گاندھی، سونیا گاندھی، بے نظیر بھٹو جیسی خواتین کی مثالیں بھی ملتی ہیں۔ آج مایاوتی ممتا بنرجی اور حالیہ عرصہ تک جئے للیتا خواتین کے اختیارات کی مثال تھیں ان خواتین نے خود کو بہترین ماہر نظم و نسق کے طور پر پیش کیا۔ ہندوستانی خواتین باصلاحیت ہیں، ٹاپ بینکرس ہیں، دنیا بھر میں کئی بڑی بڑی کمپنیوں کی سربراہ ہیں۔ قبل ازیں جناب ظفر جاوید نے شیکھا گوئل کو خواتین کی سلامتی اور SHE Team کے ذریعہ بااختیار بنانے کے لئے مومنٹو پیش کیا۔ مفخم جاہ کالج کے ڈائرکٹر پروفیسر بشیر احمد، پروفیسر شہباز احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔