حیدرآباد ملک کا تیسرا محفوظ ترین شہر

   

کولکتہ سرفہرست ، پونے دوسرے نمبر پر،این سی آر بی کی رپورٹ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے مطابق حیدرآباد ملک کا تیسرا محفوظ میٹرو شہر ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ریاستی حکومت کی جانب سے اس ضمن میں مختلف موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ 2014 ء میں تلنگانہ کی تشکیل کے بعد لاء اینڈ آرڈر برقرار ہے۔ آندھراپردیش کے مختلف دانشوروں اور سیاستدانوں کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کی صورت میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ابتر ہوجائے گی۔ بعض افراد نے ان خدشات کا بھی اظہار کیا تھا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کی صورت میں ماؤسٹوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا لیکن گزشتہ 8 برسوں میں ریاستی حکومت نے موثر اقدامات کے ذریعہ ان تمام شکوک و شبہات کو دور کیا اور لاء اینڈ آرڈر مکمل قابو میں ہے۔2014 ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد ٹی آر حکومت نے ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کو اولین ترجیح دی اور محکمہ پولیس کو نئی پٹرولنگ وہیکلس کی فراہمی کے بشمول ضروری انفراسٹرکچر فراہم کیااور اسٹیشنری و اشیاء کیلئے رقم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔