حیدرآباد میٹرو ریل اسٹیشنوں پر ’ آفس اسپیس ‘ کی فراہمی

   


57 اسٹیشنوں پر جگہ کی فراہمی کا اعلان ، درخواست گذاروں سے رابطہ کرنے کی خواہش
حیدرآباد۔23۔ستمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل اسٹیشنوں کو عارضی دفاتر میں تبدیل کرتے ہوئے انہیں ’’آفس اسپیس‘‘ کے طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ سے حیدرآباد میٹرو ریل نے اپنی آمدنی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد پیداشدہ حالات کے دوران کام کاج جاری رکھنے کے اقدامات کے طور پر شروع کئے جانے والے اقدامات میں دفاترکے بجائے گھر سے کام کاج کے کامیاب تجربہ کے بعد اب دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں دفاتر کی جگہ کے سلسلہ میں نئے تجربات کئے جانے لگے ہیں اور ان تجربات میں سب سے اہم خانگی عمارتوں میں دفتر کی جگہ بالخصوص ایک ٹیبل اور کرسی کی جگہ کی فراہمی کا کامیاب تجربہ ثابت ہورہا ہے کیونکہ دنیا کے مختلف مقامات پر موجود کمپنیوں کے ملازمین اپنے مکان سے قریبی مقام پر دفتر کے ماحول میں کام کاج جاری رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس کامیاب تجربہ کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل نے اپنے 57 اسٹیشنس پر دفاتر کے لئے جگہ کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا ہے اور ان تمام اسٹیشنوں پر کم از کم 30 افراد کے لئے دفتری ماحول کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے مطابق دفتر کی تیاری کے لئے جگہ کی فراہمی کے علاوہ عام دفاتر کے لئے جگہ کی فراہمی اور کیبن کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جو کہ کمپنیاں حاصل کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو ان مقامات سے کام کرنے کی سہولت فراہم کرسکتی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد میٹرو ریل اسٹیشن میں تعمیر کئے جانے والے ان دفاتر کی جگہوں کا 24X7 استعمال کیا جاسکتا ہے اور انہیں حیدرآباد میٹرو ریل برقی‘ پانی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کرے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے منتخبہ 57 اسٹیشنوں پر 1750 مربع فیٹ تک کی جگہ فراہم کرتے ہوئے دفتری سرگرمیوں کی انجام دہی کی سہولت فراہم کرے گا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے اسٹیشن میں فراہم کی جانے والی ان سہولتوں سے استفادہ کے سلسلہ میں مزید تفصیلات لارسن اینڈ ٹربو کے متعلقہ عہدیدار سے [email protected] پر ای میل کے ذریعہ رابطہ کیا جاسکتا ہے علاوہ ازیں اسٹیشن پر دفتر کے لئے جگہ کے حصول کے لئے 9769284794پر رابطہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔م