نیٹ امیدواروں کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت،کابینہ کے اجلاس ڈیجیٹل ہوں گے، 30 جون کو رعیتو بھروسہ اسکیم کی رقم کی اجرائی، تلنگانہ کابینہ کے فیصلے
حیدرآباد ۔18 ۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میٹرو ریل فیس II پراجکٹ کو فوری منظوری دی جائے ۔ کابینہ نے مرکز سے منظوری کے حصول میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اور بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے تعاون کی اپیل کی۔ کابینہ نے کسانوں کی رعیتو بھروسہ اسکیم کی امدادی رقم 30 جون سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ کا غیر رسمی اجلاس آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کسانوں کے مختلف امور اور کابینہ کو ڈیجیٹل کرنے سے متعلق فیصلے کئے گئے۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، ٹی ناگیشور اور ڈی انوسویا سیتکا نے کہا کہ کابینہ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل فیس II پراجکٹ کی جلد منظوری دی جائے۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فنڈس میں بھلے ہی حصہ داری ادا نہ کرے لیکن درکار منظوریاں فوری جاری کریں تاکہ حکومت اپنے خرچ پر پراجکٹ کی تکمیل کرسکے۔ حکومت نے انڈین ریلوے فینانس کارپوریشن کی جانب سے منظورہ قرض کی عاجلانہ اجرائی کی مانگ کی۔ کابینہ نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء اور بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ درکار منظوریوں کے حصول میں تعاون کریں تاکہ حیدرآباد میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں بڑھتی ٹریفک اور ٹریفک سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے میٹرو فیس II پر عمل اوری ناگزیر ہے۔ کابینہ نے آئندہ اجلاسوں کے ڈیجیٹل انعقاد کا فیصلہ کیا جس کے تحت کابینہ کا ایجنڈہ اور دیگر دستاویزات وزراء کو ای بک کے ذریعہ سربراہ کئے جائیں گے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے چیف منسٹر ، ڈپٹی چیف منسٹر اور کابینی وزراء کو خصوصی ٹیاب حوالے کئے۔ کابینہ کے آئندہ اجلاس کاغذ کے بغیر ڈیجیٹل سسٹم کے تحت منعقدکئے جائیں گے۔ حکومت نے نظم و نسق کو پیپر لیس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے نیٹ امتحان میں حصہ لینے والے امیدوار وں کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت کا اعلان کیا۔ تلنگانہ میں نیٹ امتحان کے 2008 مراکز قائم کئے جارہے ہیں اور 2.95 لاکھ امیدوار شرکت کریں گے۔ امیدوار اپنے ہال ٹکٹ کو دکھاتے ہوئے آر ٹی سی میں مفت سفر کرسکتے ہیں۔ امیدواروں اور ان کے افراد خاندان پر بوجھ کم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ کابینی سب کمیٹی نے مرکزی حکومت کی ضمانت روزگار اسکیم جی رام جی میں بعض ترمیمات کی سفارش کی ہے اور اس سلسلہ میں مرکز کو سفارشات روانہ کی گئیں۔ کابینہ نے ریاست میں رعیتو بھروسہ اسکیم کے فنڈس کی 30 جون کو کھمم کے مدھیرا اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام کے دوران اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں کا بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں چیف منسٹر رعیتو بھروسہ اسکیم کی رقم جاری کریں گے ۔ حکومت نے باریک چاول کی 7 مختلف اقسام کیلئے بونس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ نے مرکز سے تلنگانہ کیلئے اضافی فرٹیلائیزرس سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کابینہ نے دھان کی خریدی اور مانسون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔1/k