پہلے دن 64 موٹرس ضبط ، 84 افراد کیخلاف جرمانے عائد ، واٹر ورکس کسٹمر کیر نمبر 155313 پر شکایت کریں
حیدرآباد۔ 16 اپریل (سیاست نیوز)حیدرآباد میٹرو و اٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے گریٹر حیدرآباد میں نلوں کو موٹر لگاکر پانی حاصل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ Motor Free Tap مہم کے دوران پہلے ہی دن 64 موٹرس کو ضبط کیا گیا اور 84 افراد کے خلاف جرمانے عائد کئے گئے۔ موسم گرما میں شدت پیدا ہونے کے بعد گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایتوں کو دُور کرنے کیلئے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس نے خصوصی مہم کا آغاز کیا۔ ایک ہفتہ قبل ہی نلوں کو موٹر لگاکر پانی حاصل کرنے والوں کو انتباہ دیا گیا تھا اور 15 اپریل سے خصوصی مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ پہلے دن حیدرآباد واٹر ورکس کے عہدیداروں نے O&M Division میں 6 موٹرس اور ساتھ ہی ایس آر نگر کے حدود میں 25 موٹرس کو ضبط کرلیا۔ اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی مختلف ڈیویژنس میں خدمات انجام دینے والے واٹر ورکس کے عہدیدار اور عملہ پینے کے پانی کی سربراہی کے دوران اچانک دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا۔ جن گھروں میں موٹروں سے پانی حاصل کرنے کی شکایتیں وصول ہوئیں، وہاں سے موٹرس کو ضبط کرلیا اور متعلقہ افراد سے جرمانے بھی وصول کئے گئے۔ انہیں انتباہ دیا گیا کہ یہ پہلا موقع ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔ آئندہ نلوں کو موٹرس لگاکر پانی حاصل کیا گیا تو نہ صرف مقدمات درج کئے جائیں گے بلکہ نلوں کے کنکشنس کو بھی منقطع کردیا جائے گا۔ حیدرآباد واٹر ورکس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دور دراز علاقوں تک لوگوں کو پینے کا پانی پہنچنے کیلئے موٹرس کا استعمال نہ کریں بلکہ واٹر ورکس عملے کے ساتھ تعاون کریں۔ دوسری مرتبہ پکڑے جانے کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میٹرو ورکس نے عوام سے اپیل کی کہ اگر نلوں کے ذریعہ انہیں پانی دستیاب نہیں ہورہا ہے یا لو پریشر میں پانی آرہا ہے تو واٹر ورکس کے کسٹمر کیر نمبر 155313 کو فون کرکے شکایت درج کرانے کا مشورہ دیا۔ 2