حیدرآباد میں بہت جلد تجارتی جگہ 100 ملین مربع فیٹ تک پہونچ جائے گی

,

   

بنگلورو ‘ دہلی این سی آر اور ممبئی کے بعد چوتھا بڑا شہر۔ ایک لاکھ ملازمتیں دستیاب ہونے کا بھی امکان

حیدرآباد 23 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد بہت جلد 100 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ کا حامل ہو جائیگا ۔ فی الحال شہر میں 76 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ موجود ہے اور مابقی جگہ بہت جلد 40 آئی ٹی پارکس میں دستیاب ہونے والی ہے جن کے کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ جہاں مینوفیکچرنگ اور لائیف سائنسیس کے شعبہ جات خاطر خواہ ترقی کر رہے ہیں وہیںسب سے زیادہ جگہ کی ضرورت آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس شعبوں کو ہونے والی ہے ۔ 100 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ والا حیدرآباد چوتھا شہر ہو جائیگا ۔ اب تک اس معاملے میں بنگلورو سب سے آگے ہے جہاں 160 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ دستیاب ہے ۔ اسی طرح این سی آر و دہلی میں 110 ملین مربع فیٹ اور ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں 105 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ دستیاب ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی حیدرآباد کے علاقوں جیسے گچی باؤلی اور کوکا پیٹ وغیرہ میںکئی آئی ٹی پارک قائم ہو رہے ہیں ۔ تلنگانہ میںکئی مقامات پر تجارتی جگہ دستیاب ہورہی ہے ۔ ذرائع کے بموجب جس رفتار سے یہ پراجیکٹس چل رہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ سال 2023 کے ختم تک حیدرآباد میں بھی 100 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ دستیاب ہو جائیگی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 100 ملین مربع فیٹ تجارتی جگہ کی دستیابی تک ان شعبہ جات میں ایک لاکھ ملازمتیں دستیاب ہوسکتی ہیں۔ فی الحال آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس شعبہ میںجملہ 6.5 لاکھ ملازمین کام کر رہے ہیں جبکہ بی ایف ایس آئی شعبہ میں بھی دیڑھ لاکھ سے زائد افراد برسر روزگار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے بائیو ٹیک اور لائیف سائنسیس میں دلچسپیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ایسے میںشامیر پیٹ بائیوٹیک کلسٹر خانگی اداروں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔ بائیو ٹیک اور آئی ٹی کلسٹرس کی نوعیت قدرے مختلف ہوتی ہے کیونکہ بائیو ٹیک شعبہ میں لیبارٹریز بڑی ہوتی ہیں اور ان میں ابتدائی مراحل میں زیادہ سرمایہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ بائیو ٹیک کلسٹر قائم کرنے والا حیدرآباد پونے اور بنگلورو کے بعد تیسرا شہر ہے ۔ تاہم اس شعبہ میں آئی ٹی شعبہ کی بہ نسبت ملازمین کی تعداد ابتداء میں کم ہوگی تاہم کچھ ہی وقت کے بعد اس میںاضافہ ہوسکتا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے بھی فارما سٹی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور حیدرآباد ڈاٹا مراکز کیلئے بھی پسندیدہ مقام کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ کورونا کی وجہ سے ڈاٹا کے استعمال میںاضافہ ہوگیا ہے ایسے میں مقامی ڈاٹا مراکز کی ضرورت بڑھ گئی ہے ۔