حیدرآباد میں سرکاری ہاسٹل کے 14نابینا بچے کورونا سے متاثر

   

حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد کے علاقہ مہدی پٹنم کی سالارجنگ کالونی میں قائم حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے نابینا بچوں کے ہاسٹل میں 14طلبا کورونا سے متاثر پائے گئے ۔یہ ہاسٹل محکمہ بہبودی معذورین کی جانب سے چلایاجاتا ہے ۔اپنے بیان میں مرکزی رکن عاملہ آل انڈیا کنفڈریشن آف بلائنڈ آر سوامی نائک نے کہا کہ یہ نابیناطلبا کا قصورنہیں ہے ۔ان کی وارڈن رما دیوی کا شوہر کورونا سے متاثر ہوا تھا۔اس کے شوہر کے مثبت پائے جانے کے بعد اس کو چاہئے تھا کہ وہ گھر میں الگ تھلگ ہوجاتی تاہم اس خاتون نے ایسا نہیں کیا۔اس کے بجائے وہ ہاسٹل جاتی رہی اور اس سے دیگر 14نابینا بچوں میں یہ وائرس آگیا۔انہوں نے کہا کہ وارڈن کو انتباہ دیاگیا کہ وہ اس ہاسٹل میں رہنے والے جن کے گھر ہیں یا رشتہ دار ہیں کو فوری طورپر بھیج دیاجائے اور ایسے افراد جن کا کوئی نہیں ہے کو ہاسٹل میں ہی رہنے دیاجائے ۔گھروں کو واپس جانے کے خواہشمندوں کے لئے بھی ایسی ہی سہولیات ہوں۔اگرچہ کہ ماضی میں بیشتر شکایات درج کروائی گئی تھیں تاہم عہدیداروں نے یہ کہتے ہوئے اس سے اپنا دامن بچانے کی کوشش کی کہ مستقبل میں ایسا ہونے نہیں دیاجائے گا۔