حیدرآباد میں شدید بارش کا امکان ، عوام گھروں میں رہیں : جی ایچ ایم سی

,

   

حیدرآباد : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے عوام کو وارننگ دی ہے کہ حیدرآباد میں آئندہ 3 دن کے لیے شدید بارش کا امکان ہے ۔ ہفتہ کو شہر کے کئی حصوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سہ پہر 3 بجے تک شہر کے آسمان پر گھنے بادل دیکھے گئے ہیں ۔شہر کے کئی علاقوں میں دوپہر کو شدید بارش ہوئی سڑکیں عبور و مرور کے قابل نہ تھیں ۔ شہری اپنے گھروں سے نکلنے سے قاصر رہے ۔ جی ایچ ایم سی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں غیر ضروری باہر نہ نکلیں ۔ جی ایچ ایم سی نے عوام سے کہا کہ وہ ہنگامی خدمات کے لیے 100 نمبر ڈائیل کریں اور 040-21111111 پر کال کر کے مدد طلب کرسکتے ہیں ۔ ڈی آر ایف ٹیم بروقت خدمت کے لیے پہونچے گی ۔ ایک اور نمبر 040-295555500 پر بھی ربط کیا جاسکتا ہے ۔ ڈائرکٹر ای وی اینڈ ڈی ایم ، جی ایچ ایم سی نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ڈی آر ایف ٹیم کو الرٹ کردیا گیا ہے اور آئندہ چند دن تک شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ انڈین میٹرولواجیکل ڈپارٹمنٹ نے بھی کہا ہے کہ حیدرآباد میں ہفتہ اتوار کو شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ ہفتہ سے 23 ستمبر تک شہر حیدراباد اور ریاست تلنگانہ کے بعض علاقوں میں شدید تا تیز بارش ہوگی ۔ اضلاع جیسے سنگاریڈی ، میدک ، سدی پیٹ ، جنگاؤں ، وقار آباد ، رنگاریڈی ، میڑچل ملکاجگیری ، یدادری ، بھونگیر ، نلگنڈہ ، سوریا پیٹ ، کھمم ، محبوب نگر ، ناگر کرنول ، ونپرتی وغیرہ میں بارش کا امکان ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق تلنگانہ اور متصل علاقہ ودربھا پر طوفان کا اثر دیکھا جارہا ہے ۔ اس کے اثر سے آئندہ 3 دن تک ریاست میں شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی حدود میں ہفتہ کے دن بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کاپرا میں شام 6 بجے تک سب سے زیادہ 72.5 ایم ایم بارش ہوئی جب کہ اُپل میں 57.5 ایم ایم ، عبداللہ پور میٹ 45.3 ایم ایم اور کیسرا میں 41.3 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس کے علاوہ ایل بی نگر ، ونستھلی پورم ، حیات نگر ، دلسکھ نگر ، کوتہ پیٹ ، ناگارام وغیرہ میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تلنگانہ میں اب تک 42 فیصد بارش ہوئی ہے جو معمول سے بڑھ کر ہے ۔۔