حیدرآباد میں منشیات سربراہ کرنے والا اصل سرغنہ گوا میں گرفتار

   


حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ اور پولیس کی مشترکہ کارروائی
60 سالہ ڈی سوزا کے 600 گاہکوں میں سے 166 کی شناخت
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ (H-NEIN) نے عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گوا میں منشیات کے ایک سپلائر کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ 60 سالہ جان اسٹیفن ڈی سوزا حیدرآباد گوا ڈرگ ریاکٹ کا اصل سرغنہ ہے۔ اس ریاکٹ کو گذشتہ ماہ بے نقاب کیا گیا تھا۔ ڈی سوزا کے بارے میں پولیس کا دعویٰ ہیکہ وہ گوا میں واقع ہل ٹاپ ریسٹورنٹ اینڈ بار کا مالک ہے۔ یہ بار گوا کے ویگاٹر علاقہ میں کام کرتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اسٹیفن ڈی سوزا المعروف اسٹیو گوا سے منشیات کا کاروبار کررہا تھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہیکہ اسٹیو تقریباً 600 افراد کو منشیات فروخت کرتا رہا ہے۔ گاہک اس سے ایسے مادے خریدا کرتے تھے جس کے ذریعہ ان کی نفسیات پر ایسے اثرات مرتب ہوتے جو انہیں مدہوش کردیتے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اسٹیو کے گاہکوں میں سے کچھ ایسے بھی ہیںجو اس سے منشیات خرید کر خود استعمال کرتے یا پھر دوسروں کو فروخت کردیتے جس کی انہیں اچھی خاصی قیمتیں مل جاتی۔ پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہیکہ 600 گاہکوں میں سے تاحال 166 کی نشاندہی ہوچکی ہے اور مابقی کی شناخت کرکے ان کا پتہ چلانا انہیں حراست میں لینا باقی ہے۔ اسٹیو کے بارے میں ہی بھی انکشاف ہوا کہ وہ 1983ء سے پب چلارہا ہے اور اپنے پب میں وہ موسیقی ریز پارٹیوں کا اہتمام کرتا اور اس کے پب میں زیادہ تر بیرونی ملکوں کے شہری آتے اور وہ بڑی چالاکی سے ان پارٹیوں کو اپنے خریداروں کو منشیات کی فروخت کیلئے استعمال کرتا۔ ڈی سی پی ایسٹ زون مسٹر سنیل دت کے مطابق وہ اپنے بار یا پب کے احاطہ میں جمعہ بازار یا گوا بازار کا اہتمام بھی کرتا، جہاں سیاح اور گاہک آ کر مختلف اشیاء کی خریداری کرتے اور جب سیاحوں کی تعداد نقطہ عروج پر پہنچ جاتی وہ ٹیکنو میوزک پارٹیوں کا اہتمام کرکے گاہکوں سے فی کس 3000 تا 5000 روپئے داخلہ فیس وصول کرتا۔ ماضی میں گرفتار کئے گئے منشیات سپلائرس کی گرفتاری اور تفتیش کی بنیاد پر ایک خصوصی ٹیم کو گوا روانہ کیا گیا اور پھر گوا پولیس کے تعاون سے ڈی سوزا کا پتہ لگا کر اسے گرفتار کیا گیا۔ حیدرآباد پولیس نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ منشیات فروخت کرنے والے گروہوں کے چنگل میں پھنس کر منشیات کی لعنت کا شکار نہ بنیں۔ اگر کوئی منشیات فروخت کردیا ہے یا خرید رہا ہے تو فون نمبر پر 8712661601 پر آگاہ کریں۔