حیدرآباد میں ووٹنگ فیصد میں اضافہ کیلئے الیکشن کمیشن کی مہم

   

حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے لوک سبھا چناؤ میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے شعور بیداری مہم کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں سے تعاون حاصل کیا ہے۔ عوامی شمولیت سے الیکشن کمیشن مختلف پروگراموں پر عمل کررہا ہے تاکہ رائے دہی فیصد میں اضافہ ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن سے مقرر عہدیدار ایسے بلدی ڈیویژنس کا دورہ کررہے ہیں جہاں اسمبلی انتخابات میں رائے دہی کا فیصد کم رہا۔ ووٹرس سے ملاقات کرکے انہیں 13 مئی کو ووٹنگ میں حصہ لینے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ خواتین کو رائے دہی کیلئے آمادہ کرنے انہیں ماتھے پر تلک لگایا جارہا ہے۔ حیدرآباد کے 15 لوک سبھا حلقوں میں پانچ ڈیویژنس ایسے ہیں جہاں اسمبلی چناؤ میں رائے دہی کا فیصد انتہائی کم رہا۔ ایسے علاقوں میں پولنگ بوتھ کی سطح پر عہدیدار عوام سے ملاقات کررہے ہیں۔50 فیصد سے کم رائے دہی والے پولنگ بوتھس کے علاقوں میں شعور بیداری مہم شروع کی گئی۔ وال پوسٹرس اور بیانرس کے ذریعہ عوام کو رائے دہی میں حصہ لینے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ شاپنگ کامپلکسوں، تفریحی مقامات، مذہبی مقامات، بس شیلٹرس، مارکٹ یارڈس، پلے گراؤنڈس، بس اسٹینڈس ، ہوٹلوں اور دیگر عوامی مقامات پر پوسٹرس اور بیانرس آویزاں کئے جارہے ہیں۔ نوجوان رائے دہندوں کو ترغیب دینے کیلئے کالجس میں شعور بیداری مہم شروع کی گئی۔1