کمزور نتائج والے اضلاع پر خصوصی توجہ ، عہدیداروں سے رپورٹ طلب
حیدرآباد۔30۔ جون (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ایسے اضلاع جہاں ایس ایس سی کے نتائج کم آئے ہیں، وہاں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ کم نتائج کی وجوہات کا پتہ چلاتے ہوئے آئندہ امتحانات میں بہتر نتائج کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ ضلع نتائج میں سرفہرست رہا جبکہ حیدرآباد کو آخری مقام حاصل ہوا ہے۔ نرمل اور سنگا ریڈی علی الترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے کہا کہ کم نتیجہ والے اضلاع پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جائے گی کہ کن اسکولوں میں کمزور نتائج رہے اور اس کی وجوہات کیا ہیں۔ وجوہات کا جائزہ لینے کے بعد مزید بہتری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ آئندہ سال تمام اسکولوں میں بہتر نتائج کو یقینی بنایا جائے گا ۔ حیدرآباد کے کم نتیجہ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ حیدرآباد کے نتائج کے بارے میں پوسٹ مارٹم کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر سال حیدرآباد میں نتائج کم آرہے ہیں جس کی وجوہات کا پتہ چلایا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ حیدرآباد کے بارے میں یوں ہی تبصرہ نہیں کر رہی ہیں بلکہ صد فیصد نتائج کے حق میں اقدامات کئے جائیں گے۔ر