حیدرآباد و سکندرآباد اور اضلاع میں جشن یوم جمہوریہ کی تقاریب کا جوش و خروش کیساتھ انعقاد

   

دینی مدارس میں قومی پرچم کشائی، علماء کرام کا دستورہند کی اہمیت پر خطاب
حیدرآباد۔26جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں چلائے جانے والے دینی مدارس میں بھی یوم جمہوریہ کا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا گیا اور مدرسہ کے طلبہ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد کئے گئے مقابلہ جات میں حصہ لیتے ہوئے یوم جمہوریہ کی اہمیت اور دستور ہند پر تقاریر و مضامین تحریر کئے ۔ دینی مدارس میں یوم جمہوریہ تقاریب کے انعقاد کے ذریعہ یہ پیغام دیا گیا ہے کہ دینی مدارس قومی تہوار سے خود کو دور نہیں رکھتے اور انہیں بھی وطن عزیز سے ویسی ہی محبت ہے جیسے دیگر ابنائے وطن کو ہے۔جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد میں صدر مدرس مولانا مفتی جمال الدین قاسمی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی انجام دی اور یوم جمہوریہ کی اہمیت اور دستور ہند میں حاصل اختیارات پر طلبا سے خطاب کیا ۔اس موقع پر جناب علاء الدین انصاری کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔اس کے علاوہ اشرف العلوم اوردیگر مدارس میں بھی قومی پرچم لہرایا گیا اور شہدائے وطن عزیز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ریاست کے دیگر اضلاع نظام آباد‘ کریم نگر‘ میڑچل‘ رنگاریڈی ‘ ورنگل اور دیگر مقامات پر بھی دینی مدارس میں پرچم کشائی کی گئی اور ملک کے جمہوری اقدار کی برقراری میں علماء و اکابرین کی خدمات کا تذکرہ پیش کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔علاوہ ازیں علماء کرام نے امت مسلمہ بالخصوص دینی مدارس کے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ ملک کے دستوری اقدار کی برقراری اور ملک میں موجود جمہوری نظام کو فعال رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور دستور ہند میں حاصل حقوق کو اختیار کرتے ہوئے ملک سے محبت اور ملک کے لئے جان نثاری کا جذبہ پیدا کریں۔ علماء کرام نے اپنے خطاب کے دوران دستور ہند کے تحفظ کے جذبہ کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان میں ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور دستور ہند نے کسی بھی شہری کو کسی پر فوقیت نہیں دی ہے بلکہ سب کو یکساں حقوق فراہم کئے ہیں۔