آئندہ تین یوم تک بارش کا امکان ، شدید گرمی سے کسی قدر راحت
حیدرآباد۔28اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں سہ پہر سے مطلع ابر آلود ہوگیا اور کئی مقامات پر شام سے گھن ‘ گرج اور چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ وجئے نگر کالونی ‘ نامپلی ‘ خیریت آباد‘ لکڑی کا پل ‘ مہدی پٹنم‘ ٹولی چوکی ‘ مانصاحب ٹینک اور دیگر علاقوں میں بارش کے سبب سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ۔ 28اپریل کی صبح کی اولین ساعتوں میں گرمی کی شدت سے شہریوں کو انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور دوپہر تک بھی بارش کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے تھے لیکن 3بجے کے بعد سے مطلع ابرآلود ہونے لگا تھا لیکن گرمی کی شدت میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی تھی اور 5بجے کے بعد سے دونوںشہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے مختلف علاقوں کے علاوہ شہر کے مضافاتی و نواحی علاقوں میں گھن ‘ گرج‘ چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی اطلاعات موصول ہونے لگیں اور بعض علاقو ںمیں محض بوندا باندی ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے برخلاف ہونے والی اس بارش کے متعلق عہدیدارو ںنے بتایا کہ موسمی تبدیلی کے سبب ہونے والی اس بارش کا سلسلہ آئندہ تین یوم کے دوران جاری رہ سکتا ہے لیکن گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی یہ نہیں کہا جاسکتا اسی لئے محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کہا جارہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں آئندہ 5یوم کے دوران گرمی کی لہر برقرار رہے گی لیکن آج شام جس انداز سے بارش ہوئی اگر اس کا سلسلہ آئندہ دو تا تین یوم جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں عوام کو گرمی سے کچھ حد تک راحت حاصل ہوگی۔شہر کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے سبب برقی سربراہی منقطع کئے جانے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں ۔م