حیدرآباد و سکندرآباد کے بڑے بس ٹرمنلس میں مناسب سکیورٹی کا فقدان

   

بنگلور بم دھماکہ کے بعد مسافروں میں تشویش، غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کی متعدد شکایتیں

حیدرآباد۔10۔مارچ(سیاست نیوز) بنگلورومیں ہوئے بم دھماکہ کے بعد دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موجود دو بڑے بس ٹرمنلس میں مناسب سیکیوریٹی موجود نہ ہونے کے سلسلہ میں تشویش کا اظہار کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہریوں بالخصوص بس مسافرین میں بس ٹرمنل کی سیکیوریٹی کے سلسلہ میں تشویش پائی جانے لگی ہے۔ مختلف عوامی مقامات پر حکومت کی جانب سے سیکیوریٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے میٹل ڈیٹیکٹر کی تنصیب عمل میں لائی گئی تھی لیکن اب یہ میٹل ڈیٹیکٹر غیر کارکرد ہوچکے ہیں اور عہدیداروں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن اور جوبلی بس اسٹیشن شہر حیدرآباد کے دو بڑے بس اسٹیشن میں شمار کئے جاتے ہیں اور مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیدارو ںکے مطابق یومیہ 4000 بسوں کی آمد و رفت ہوتی ہے لیکن املی بن بس اسٹیشن کی نگرانی کے لئے جملہ 127 سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں جن میں محض 89 سی سی ٹی وی کیمرے کارکرد ہیں جبکہ میٹیل ڈیٹیکٹر کی کسی کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ایم جی بی ایس میں مسافرین کے داخلہ کے لئے جملہ تین راستہ ہیں لیکن ایک راستہ پر میٹل ڈیٹیکٹر موجود ہے لیکن وہ بھی غیر کارکرد ہے اور عہدیداروں کی جانب سے اسے تبدیل کرنے یا اس کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ ایم جی بی ایس ہندستان کا تیسرا بڑا بس اسٹیشن ہے جہاں 70پلیٹ فارمس موجود ہیں جو کہ 20 ایکڑ پرمحیط ہے اور یہاں سے بسیں صرف تلنگانہ کے اضلاع کو نہیں بلکہ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا‘ آندھراپردیش ‘ کرناٹک کے لئے بھی روانہ ہوتی ہیں۔ اسی طرح جوبلی بس اسٹیشن جو کہ سکندرآباد میںموجود ہے وہاں بھی کوئی خاص سیکیوریٹی انتظامات موجود نہیں ہیں اور نہ ہی مسافرین کی تلاشی یا میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعہ جانچ کی کوئی سہولت موجود ہے۔ ایم جی بی ایس کے علاوہ جوبلی بس اسٹیشن میں سیکیوریٹی کے ناقص انتظامات کے سلسلہ میں مسافرین کی جانب سے متعدد شکایات کی جاچکی ہیں اور ایم جی بی ایس املی بن کے بعض حصوں میں غیر سماجی عناصر کی سرگر میوں کے سلسلہ میں بھی کئی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں اس کے باوجود اس وسیع و عریض بس ٹرمنل کے سیکیوریٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جو کہ مسافرین کے لئے تکلیف کا باعث ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بس ٹرمنل کے سیکیوریٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقہ میں غیرسماجی عناصر کی سرگرمیوں پر روک لگانا محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے اور محکمہ پولیس کے عہدیدارو ںکی جانب سے مسافرین کی سیکیوریٹی کے سلسلہ میں دریافت کئے جانے پر کہا جاتا ہے کہ وہ علاقہ کو محفوظ رکھنے کے لئے مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔3