کافی ٹیبل بک میں 100 سالہ تاریخ کا احاطہ، ستیہ ناڈیلا اور شانتا نو نارائن کی شرکت
حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد پبلک اسکول بیگم پیٹ نے ادارہ کی صدی تقاریب کے ضمن میں ’’ فلائیٹ آف دی ایگل ‘‘ کے عنوان سے ٹیبل بک جاری کیا ہے۔ اس ٹیبل بک میں حیدرآباد پبلک اسکول کی 100 سالہ تاریخ کا احاطہ کیا گیا جس میں ادارہ کی تعلیمی خدمات، ثقافتی اور سماجی سرگرمیاں اور دیگر امور کا احاطہ شامل ہے۔ ٹیبل بک کی رسم اجراء کیلئے منعقدہ تقریب میں اسکول کے دو سابق طلباء ستیہ ناڈیلا صدرنشین و چیف ایگزیکیٹو آفیسر مائیکرو سافٹ اور شانتانو نارائن چیف ایگزیکیٹو آفیسر اڈوب نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ فلائیٹ آف دی ایگل میں حیدرآباد پبلک اسکول کی تاریخ اور ملک کے نامور تعلیمی اداروں میں اس کے شمار کی تاریخ رقم کی گئی۔ گذشتہ کئی دہوں کے دوران مختلف شعبہ جات میں اسکول کی ترقی کے مراحل کو شامل کیا گیا۔ ٹیبل بک میں قدیم طلبہ کے علاوہ ٹیچرس اور اسٹاف کی تفصیلات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اسکول کے شاندار ماضی کے علاوہ مستقبل کے منصوبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ٹیبل بک میں ان عظیم شخصیتوں کے رول کا تذکرہ شامل ہے جنہوں نے اسکول کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ حیدرآباد پبلک اسکول سوسائٹی کے صدر جسٹی نوریا نے ٹیبل بک کی اشاعت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی تاریخ کے اہم نکات کو ٹیبل بک میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹیبل بک کی تیاری گذشتہ دو برسوں میں جن شخصیتوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ان میں چیرمین کافی ٹیبل بک سب کمیٹی کے چندر شیکھر ریڈی، معاون چیرمین ایم اے فیض خاں، چیف ایڈیٹر کشور کرشنا مورتی، پرنئے پنگل ، سنجیو چکرورتی، انیش پینٹی اور الوک یپوری شامل ہیں۔ ٹیبل بک کی اجراء کے موقع پر رکن پارلیمنٹ رگھورام ریڈی نے بھی مخاطب کیا جو بورڈ آف گورنرس کے وائس چیرمین ہیں۔ پرنسپل اسکند بالی نے ٹیبل بک کی تفصیلات سے واقف کرایا۔1