حیدرآباد پہنچنے پر ایم ایل سی کویتا کا شاندار خیرمقدم

,

   

ایئرپورٹ سے قیام گاہ تک ریالی، آج والد کے سی آر سے فارم ہاوز میں ملاقات

حیدرآباد۔ 28 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا رہائی کے بعد دہلی سے آج حیدرآباد پہنچیں۔ شمس آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر بی آر ایس کے قائدین اور کارکنوں نے انکا شاندار استقبال کیا۔ جئے تلنگانہ کویتا اور بی آر ایس زندہ آباد کے نعرے لگائے۔ پانچ ماہ بعد کویتا حیدرآباد پہنچیں۔ ان کے ہمراہ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر، سابق وزیر ٹی ہریش راؤ، شوہر انیل کے ساتھ خاندان کے دوسرے ارکان اور بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور دیگر سینئر قائدین موجود تھے۔ کویتا کو ایئرپورٹ سے ریالی میں ان کی قیام گاہ بنجارہ ہلز پہنچایاگیا۔ کویتا کی والدہ اور خاندان کے دیگر ارکان پہلے ہی کویتا کا خیرمقدم کرنے کیلئے ان کی قیام گاہ پہنچ گئے۔ پارٹی کارکنوں کی بھاری تعداد بھی کویتا کی قیام گاہ کے سامنے جمع تھی۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کویتا جمعرات کو ایرہ ولی فارم ہاوز پہنچ کر اپنے والد بی آر ایس پارٹی کے سربراہ کے سی آر سے ملاقات کریں گی۔ واضح رہے کہ دہلی شراب پالیسی کیس میں ای ڈی نے حیدرآباد پہنچ کر ان کی قیام گاہ سے کویتا کو 15 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ اس کیس میں عدالت نے 26 مارچ کو کویتا کو عدالتی تحویل میں دے دیا تھا تب سے کویتا تہاڑ جیل میں عدالتی تحویل میں تھی جنہیں 27 اگست کو سپریم کورٹ نے ای ڈی اور سی بی آئی کے مقدمات میں مشروط ضمانت منظور کی ہے جس کے بعد وکلاء نے ضمانت سے متعلق احکامات تہاڑ جیل کے عہدیداروں کے حوالے کیا۔ منگل کو رات 9 بجے کویتا جیل سے رہا ہوئیں اور دہلی میں شب بسری کے بعد چہارشنبہ کی شام حیدرآباد پہنچیں۔ 2