20 ماہ کے دوران 13,63,005 نئی گاڑیوں کا اضافہ ، ٹریفک مسائل بڑھ گئے
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد میں گاڑیوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ ہر دن 2300 نئی گاڑیاں شورومس سے نکل کر سڑکوں پر پہونچ رہی ہیں ۔ گذشتہ 12 سال کے دوران شہر کی سڑکوں پر تین گنا گاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ بالخصوص کورونا بحران کے بعد سے 2020-22 کے درمیان 18 فیصد تقریبا 14 لاکھ گاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 2020 تا 2022 کے درمیان سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد بڑھ جانے سے ٹریفک مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔ دسمبر سال 2019 تک شہر کی سڑکوں پر دوڑنے والی گاڑیوں کی تعداد 64 لاکھ 2 ہزار 482 تھی ۔ اس کے بعد صرف 20 ماہ کے دوران یعنی 2022 اگست تک 18 فیصد گاڑیوں میں اضافہ ہوجانے کا محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلا ہے جس سے حیدرآباد میں گاڑیوں کی تعداد بڑھ کر 77,65,487 لاکھ تک پہونچ گئی ہے ۔ 20 ماہ کے دوران شہر میں 13,63,005 گاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس طرح ہر دن 2300 نئی گاڑیاں سڑکوں پر پہونچ رہی ہیں ۔ سال 2010 کے دوران شہر حیدرآباد میں گاڑیوں کی تعداد 25 لاکھ تھی ۔ جس میں اکثریت شخصی گاڑیوں کی ہے ۔ 2010 سے 8 سال کے دوران شہر میں 50 لاکھ نئی گاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے بعد گاڑیوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ صرف 4 سال کے دوران 27 لاکھ گاڑیوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ کورونا بحران کے بعد شخصی گاڑیوں میں سفر کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جس کے سبب گاڑیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔۔ ن