حیدرآباد آئی پی ایل سے محروم

,

   


ممبئی : آئی پی ایل 2021 ء مکمل ٹورنمنٹ ہندوستان میں کھیلا جائے گا جس کا /9 اپریل کو آغاز ہوگا اور خطابی مقابلہ /30 مئی کو منعقد ہوگا ۔ اس مرتبہ ٹورنمنٹ کی میزبانی 6 شہروں ، احمد آباد ، بنگلور ، چینائی ، دہلی ، ممبئی اور کولکتہ کو دی گئی ہے ۔ چینائی میں افتتاحی مقابلہ دفاعی چمپئین ممبئی انڈینس اور رائل چیالنجرس بنگلور کے درمیان ہوگا جبکہ احمد آباد کا مودی اسٹیڈیم پلے آف اور فائنل کا میزبان ہوگا ۔ گزشتہ کی بہ نسبت اس مرتبہ ہندوستان میں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ میں منتظمین نے کافی بڑی تبدیلیاں کی ہیں جس میں خاص کر ٹیموں کو اپنے گھریلوں میدان اور حریف ٹیم کے گھریلو میدان میں مقابلے کھیلنے کا موقع نہیں دیا جارہا ہے بلکہ ٹیموں کو تیسرے مقام پر مقابلے کھیلنے ہوں گے جبکہ لیگ مرحلہ کے تمام مقابلوں میں شایقین کیلئے میدان کے دروازے بند رہیں گے ۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ لیگ مرحلہ کے مقابلوں میں شایقین کو میدان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے لیکن ٹورنمنٹ کے آئندہ مرحلہ میں اس ضمن میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ بی سی سی آئی اس بات کا کوشاں ہے کہ آئی پی ایل کو آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے تیاری کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے جس کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر کو اختیار کررہا ہے ۔ آئی پی ایل 2021 ء میں اس مرتبہ جب ایک دن میں دو مقابلے ہوں گے تو اس کے وقت میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور یہ دونوں مقابلے گزشتہ کی بہ نسبت اس مرتبہ آدھا گھنٹہ قبل شروع کئے جائیں گے ۔ یعنی دوپہر کا مقابلہ 3.30 بجے شروع ہوگا اور شام کا مقابلہ 7.30 بجے شروع ہوگا ۔ آئی پی ایل میں جملہ 56 مقابلے منعقد ہوں گے جس میں چینائی ، ممبئی ، بنگلور اور کولکتہ کو فی کس 10 مقابلوں کی میزبانی دی گئی ہے جبکہ احمد آباد کو 8 مقابلوں کی میزبانی ملے گی ۔ لیگ مقابلوں کے بعد ناک آؤٹ مرحلہ کے مقابلے کھیلے جائیں گے جس کی میزبانی احمد آباد کا میدان کرے گا ۔ ٹیموں کو اپنے گھریلو میدانوں میں مقابلے کھیلنے کا موقع اس لئے بھی دستیاب نہیں رہے گا کیونکہ لیگ مرحلہ کے دوران انہیں صرف 3 مقامات کا سفر کرنا پڑے گا تاکہ کورونا وائرس کے خدشات سے کھلاڑیوں کو محفوظ رکھا جاسکے ۔ شاہ نے مزید کہا کہ سفر کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ اور کھلاڑیوں کو محفوظ رکھنا اس کے درپردہ مقصد ہیں ۔ بی سی سی آئی کوشاں ہے کہ آئی پی ایل کو کم سے کم مقامات پر محفوظ طریقے سے پائے تکمیل کو پہنچایا جاسکے تاکہ ورلڈ کپ کے انعقاد کو یقینی بنانے میں کامیاب ہوسکے ۔
کے ٹی آر کی کوشش رائیگاں
حیدرآباد : بی سی سی آئی کی جانب سے حیدرآباد کو آئی پی ایل کی میزبانی سے محروم کرنے کے بعد سوشیل میڈیا پر مقامی شایقین کی جانب سے مایوسی اور برہمی دیکھنے کو مل رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ ممبئی سے زیادہ حیدرآباد کورونا سے محفوظ ہونے کے باوجود اسے میزبانی سے محروم کرنا ناانصافی ہے۔یاد رہے ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی صورتحال دیگر ریاستوں اور خاص کر مہاراشٹرا کے ہمراہ ممبئی کی بہ نسبت بہتر ہے جبکہ مہاراشٹرا اور ممبئی کے حالات کافی تشویشناک ہے جس کی طرف اظہر الدین اور کے ٹی آر نے توجہ دلائی تھی لیکن اس کے باوجود ممبئی کو آئی پی ایل کی میزبانی دیئے جانے پر حیدرآبادی عوام نے اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔