حیدرآباد ۔ (سیاست نیوز) موٹر اسپورٹس کے شائقین کیلئے خوش خبر ی ہیکہ حسین ساگر جھیل کے کنارے واقع حیدرآباد اسٹریٹ سرکٹ 19 نومبر سے ہندوستان کی پہلی انڈین ریسنگ لیگ کی پہلی اسٹریٹ سرکٹ ریس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ہندوستان میں موٹر اسپورٹس میں انقلاب لانے کے وژن کے ساتھ انڈین موٹر اسپورٹ کمپنی، ریسنگ پروموشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (آر پی پی ایل) نے حال ہی میں انڈین ریسنگ لیگ کے کِک اسٹارٹ کا اعلان کیا، جو کہ اپنی نوعیت کا ایک موٹراسپورٹ ریسنگ ایونٹ ہے۔ لیگ 14 نومبر کو چینائی کے مدراس انٹرنیشنل سرکٹ میں پری ٹیسٹنگ کے ساتھ شروع ہوگی اور 19 نومبر کو ریسنگ کے شوقین افراد کے لیے حیدرآباد میں ایک منفرد نظاروں کے لیے 24 ممتاز غیر ملکی اور ہندوستانی ڈرائیوروں کو ملک میں لارہی ہے۔