حیدرآباد میں اسلامی فیشن ڈیزائنر ملبوسات کے پہلے شو روم آئی ڈی ا یچ لندن کا افتتاح

   

حجاب، اسکارف عبایہ اور اسلامی ملبوسات سے دوشیزائوں اور خواتین کی قدر و منزلت اور حسن و جمال میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری ۔ ( راست ) ۔ انگلینڈ کے مشہور برانڈ اسلامک ڈیزائن ہائوز (IDH) کے پہلے شو روم کا سٹی سنٹر مال بنجارہ ہلز حیدرآباد میں آج محترمہ عرشیہ ایوب نے افتتاح انجام دیا۔ اس شو روم کے قیام کا مقصد مشرقی اقدار پر مبنی فیشن ڈیزائنر ملبوسات کے رواج کو عام کرنا ہے۔ آئی ڈی ایچ حیدرآباد کی پروپرائٹر محترمہ رحمت النساء نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ گلف میں مقیم تارکین وطن کی جانب سے تلنگانہ کے دارالحکومت میں قائم کی گئی پہلی برانڈ اسٹور ہے۔ حکومت تلنگانہ نے این آر آئیز کو ترغیب دی ہے کہ وہ ریاست میں اپنے پراجکٹس قائم کریں‘ تاکہ نہ صرف اپنے وطن واپس آنے والے تارکین وطن کی بازآبادکاری کی جاسکے بلکہ ریاست کی معیشت بھی مستحکم ہو۔ آئی ڈی ایچ جو برٹش برانڈ ہے‘ خلیجی ممالک افریقہ، مصر، کوویت، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین، اردن، جنوبی افریقہ، اور موزمبیق میں غیر معمولی مقبول عام برانڈ ہے۔ کیوں کہ یہ مکمل مشرقی اقدار کے مطابق ہے اور جو پارچہ جات اس میں استعمال کئے جاتے ہیں وہ موسم اور انسانی جلد کے ساتھ سازگار ہوتے ہیں۔ حیدرآباد میں پہلے آئی ڈی ایچ شو روم کے قیام سے حیدرآبادی لڑکیاں بالخصوص کالج کی طالبات اور اعلیٰ معیارِ زندگی کی حامل خواتین کو اپنے من پسند ڈیزائنر اسکارف، حجاب، عبایہ ہر مختلف ورائٹی میں دستیاب ہوںگی جو ان کے ذوق کی تسکین کے حامل ہوںگے۔ سلک، ڈینم (جینس)، اور مختلف ایسے ٹیکسٹائلس جو حیدرآباد میں پہلی بار متعارف کئے جارہے ہیں‘ اَن گنت اقسام میں دستیاب ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد میں اسکارف کا فیشن ہر مذہب اور طبقے کی لڑکیوں اور خواتین میں عام ہوچکا ہے کیوں کہ اس سے ماحولیاتی آلودگی کے ساتھ ساتھ موسم گرما میں دھوپ کی شدت اور موسم سرما میں سردی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ فیشن ڈیزائنرس نے انہیں اس انداز سے تیار کیا ہے کہ اس سے لڑکیوں کے حسن وجمال میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے۔ آئی ڈی ایچ فرنچائز کے جوائنٹ پارٹنر جناب میر اسرار علی خان نے بتایا نیویارک فیشن ویک میں حجاب اور اسلامی لباس زیب تن کئے ہوئے ماڈلس نے غیر معمولی داد تحسین حاصل کی۔آئی ڈی ایچ لندن نے حیدرآباد سے تلنگانہ میں ایک ایسے فیشن کو متعارف کرانے کا عزم کیا ہے‘جس سے لڑکیوں اور خواتین کی قدر و منزلت‘ احترام اور ان کی سیکوریٹی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد کی باذوق خواتین اور دوشیزائیں آئی ڈی ایچ کے اس نئے شوروم سے مستفید ہوںگی۔