حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ مارکٹ میں سرمایہ کاری کارجحان برقرار

   

آئندہ 3 تا 5 مہینوں میں زبردست اُچھال متوقع، جائیداد کی قیمتوں میں اضافہ پر غور

حیدرآباد : کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب ملک بھر میں بازار بالخصوص رئیل اسٹیٹ کی حالت انتہائی ابتر ہونے کے باوجود شہرحیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری میں اب بھی دلچسپی دکھائی جا رہی ہے جو کہ شہرحیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ مارکٹ میں مستقبل قریب میں بہتری کا اشارہ دے رہی ہے۔ رئیل اسٹیٹ تاجرین اور بڑی کمپنیوں کے علاوہ جائیدادوں کی خرید و فروخت کے معاملو ں کا سروے کرنے والی کمپنیوں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ ملک کے کئی بڑے شہرو ںمیں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں سرمایہ کاری میں گذشتہ 3تا5 ماہ کے دوران ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے لیکن شہرحیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں سرمایہ کاری میں کمی نہیں آئی ہے اور سرمایہ کارو ںکی جانب سے حیدرآباد کے علاوہ شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں سرمایہ کاری کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آئی ہے لیکن کورونا وائرس کے مریضوں کی تعدا دمیں ہونے والے اضافہ کے سبب ریاست میں کئے گئے لاک ڈاؤن اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کو بند کئے جانے کی وجہ سے کچھ گراوٹ دیکھی جارہی ہے تاہم جائیدادوں کی خرید و فروخت کی معاملتیں جاری ہیں۔ مختلف رئیل اسٹیٹ اداروں کے ذمہ دارو ںکا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں آئندہ 3تا5ماہ کے دوران زبردست اچھال ریکارڈکیا جائے گا اور توقع ہے کہ جائیدادوں کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوگا کیونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے رجسٹریشن فیس میں اضافہ کے علاوہ منڈل واری اساس پر جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ بھی زیر غور ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کے اطراف کے علاقوں میں رئیل اسٹیٹ شعبہ میں سرمایہ کاری کے رجحان میں ہونے والے اضافہ کے سبب ملک بھر کے کئی سرمایہ کاروں کی نظریں حیدرآباد پر مرکوز ہیں۔