حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسٹ پروٹیکشن ایجنسی (HYDRA) کو مکمل قانونی اختیارات مل گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں آج راج بھون نے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ تالابوں، جھیلوں، نالوں کے تحفظ غیرقانونی تعمیرات منہدم کرنے حکومت نے حیڈرا تشکیل دیا اور 19 جولائی کو جی او 99 جاری کردیا تھا۔ تب سے حیڈرا نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ ایف ٹی ایل اور بفرزون میں موجود کئی غیرقانونی تعمیرات کو حیڈرا نے منہدم کردیا۔ ان انہدامی کارروائیوں کی چند گوشوں نے مخالفت کی۔ چند لوگ عدلیہ سے بھی رجوع ہوئے۔ ہائیکورٹ نے بھی حیڈرا کو قانونی حیثیت پر سوال اٹھایا تھا جی او 99 پر حکم التواء جاری کرنے کئی لوگ ہائیکورٹ میں درخواستیں داحل کی ہیں جس کے تناظر میں حکومت نے حیڈرا کو درپیش مسائل کو دور کرنے خصوصی آرڈیننس تیار کیا۔ جی ایچ ایم سی ایکٹ 1955 میں 374B سیکشن کو شامل کرکے آرڈیننس جاری کیا ہے۔ آوٹر رنگ روڈ کے حدود تک سرکاری املاک، تالابوں اور نہروں کے تحفظ کیلئے نیا قانون تیار کیا گیا ۔ ضلع کلکٹر ایم آر او کے اختیارات حیڈرا کو منتقل کئے گئے ہیں۔ کابینہ اجلاس میں آرڈیننس کو منظوری کے بعد فائل راج بھون کو روانہ کیا گیا ۔ گورنر جیشنودیو ورما نے اس پر پہلے اپنے چند شبہات کا اظہار کیا تھا۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و سنق داناکشور نے راج بھون پہنچ کر گورنر کے شکوک کو دور کیا جس کے بعد گورنر نے آرڈیننس کی فائل پر دستخط کی اور آج گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ گزٹ کی اجرائی کے بعد حیڈرا کو مکمل قانونی اختیارات مل گئے ہیں۔ قانونی حیثیت حاصل کرنے کے بعد حیڈرا اپنی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردے گا۔ تالابوں اور نالوں کے ناجائز قبضوں کو دور کرنے کے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کے امکانات پائے جاتے ہیں۔2