حیڈر اور موسی ریور فرنٹ پر ریونت ریڈی حکومت کے یکطرفہ فیصلے

   

سی پی ایم سکریٹری ویرا بھدرم کا الزام، لگچرلا میں کسانوں کی گرفتاری کی مذمت
حیدرآباد ۔21۔نومبر (سیاست نیوز) سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم کی قیادت میں قائدین کے ایک وفد نے وقار آباد ضلع کے لگچرلا گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی کسانوں سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں کسانوں کی اراضیات کے حصول کا مسئلہ تنازعہ کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ گزشتہ ہفتہ گاؤں والوں کی جانب سے ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملہ کے واقعہ کے پس منظر میں سی پی ایم قائدین نے گاؤں کا دورہ کیا۔ ٹی ویرا بھدرم نے کسانوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ کانگریس حکومت غیر جمہوری رویہ اختیار کرتے ہوئے کسانوں کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارما سٹی کے قیام کیلئے 1300 ایکر اراضی حاصل کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم پٹنم میں فارما سٹی کے نام پر سابق بی آر ایس حکومت نے 13000 ایکر اراضی حاصل کی تھی۔ کانگریس حکومت کو اراضی حصول پر اپنے موقف کا اظہار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ابراہیم پٹنم میں حاصل کردہ اراضی بیرونی اداروں کے حوالے کرنے کی تیاری ہے۔ لگچرلا میں بھی خانگی اداروں کو اراضی حوالے کرنے کیلئے کسانوں پر دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے عوام سے رائے حاصل کئے بغیر ہی اراضی کے حصول کا فیصلہ کیا۔ نمائندگی کے لئے پہنچنے والے کسانوں پر حملہ کا الزام عائد کرتے ہوئے 6 مواضعات میں پولیس نے دہشت کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ ان گاوؤں میں بچوں اور خواتین کے علاوہ مرد حضرات نہیں ہیں۔ سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ ویرا بھدرم نے کہا کہ کانگریس حکومت غیر جمہوری طریقے اختیار کر رہی ہے ۔ الیکشن سے قبل 6 ضمانتوں کے علاوہ ریونت ریڈی نے اپنے طور پر جمہوریت اور عوامی آزادی کا وعدہ کیا تھا ۔ سکریٹریٹ اور پرگتی بھون کی رکاوٹوں کو دور کیا گیا جس کی کافی تشہیر ہوئی ۔ اس کے بعد حکومت غیر جمہوری انداز میں کام کر رہی ہے۔ کسی بھی معاملہ میں اپوزیشن سے مشاورت کے بغیر یکطرفہ فیصلے کئے جارہے ہیں۔ موسی ریور فرنٹ اور گروپ I امتحانات کے علاوہ حیڈرا کے مسئلہ پر حکومت یکطرفہ فیصلے کر رہی ہے۔ 1