خاتون سے دست درازی ایک شخص کو دو سال قید کی سزا

   

حیدرآباد ۔ 23جولائی ( سیاست نیوز) خاتون سے دست درازی اور اعتراض کرنے پر شوہر اور بیٹے کو ہراساں کرنے والے ایک شخص کو عدالت نے دو سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ اپریل 2019ء جاریہ سال منچال علاقہ کی ایک 35سالہ خاتون نے دست درازی کی شکایت کرتے ہوئے 36سالہ منتری نرینگا کے خلاف شکایت درج کروائی ہے ۔ یہ شخص خاتون کو ہراساں و پریشان کررہا تھا ۔ اکثر خاتون کا راستہ روک کر اس سے چھیڑ چھاڑ کرتا تھا اور سڑک پر ہاتھ پکڑ کر خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرتا تھا ۔ اس حرکت پر خاتون کے شوہر اور بیٹے نے اعتراض کیا تو وہ انہیں بھی ہراساں کرنے لگا ۔ دو سال قبل بھی اسی طرح کی حرکت پر گاؤں کے بڑے افراد نے اسے تاکید کی تھی لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا اور مسلسل خاتون کو پریشان کررہا تھا ۔ منچال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آج چارج شیٹ داخل کی جس پر عدالت نے دو سال کی سزا اور چھ ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے ۔