خاتون سے غیر انسانی برتاؤ کرنے والے ملزمین اب تک پولیس کی گرفت سے آزاد

   

جھابوا،14اپریل(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے جھابوا ضلع کے تھاندلا تحصیل ے دیوی گڑھ گاؤں میں ایک خاتون سے غیر انسانی برتاؤ کرنے کے معاملے میں ملزمین کی گرفتاری کے لئے پولیس کام کررہی ہے ۔حالانکہ ابھی تک کسی کو پکڑا نہیں جاسکا ہے ۔پولیس نے اس معاملے میں شوہر سمیت 14افراد کو ملزم بنایا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق کل یہ معاملہ سمانے آنے کے بعد تھاندلا کے سب ڈیویژنل پولیس افسر(ایس ڈی او پی)ایم ایل گاولی دیوی گڑھ گاؤں پہنچے اور متاثرہ کو تھانے میں لاکر اس کی شکایت پر 14افراد کے خلاف معاملہ درج کیا۔اس معاملے میں خاتون کے شوہر شنکر کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔پولیس اس معاملے کے فرار ملزمین کی تلاش میں لگی ہوئی ہے ،لیکن اب تک ملزمین کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے ۔یہ معاملہ دیوی گڑھ گاؤں کا ہے جہاں ایک شادی شدہ خاتون کو ایک نوجوان سے محبت کرکے بھاگنے کے الزام میں خاتون کے ہی رشتہ داروں اور گاؤں والوں نے اس کے شوہر کو اس کے کندھوں پر بٹھا کر پورے گاؤں میں گھمایا۔متاثرہ کے پیچھے سیکڑوں کی تعدادمیں گاؤں والے گھومتے ناچتے چل رہے تھے ۔قبائلیوں کا خیال ہے کہ ان کے یہاں یہ روایت ہے کہ کوئی شادی شدہ خاتون کسی دیگر نوجوان سے پیار کرتی ہے تواسے اسی طرح کی سزا دی جاتی ہے ۔