خاتون کا استحصال کرنے کے خلاف مقدمہ درج

   

حیدرآباد ۔ 16 فبروری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ حسینی علم میں ایک خاتون کے استحصال کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تاہم حسینی علم پولیس پر سیاسی دباؤ میں خاطی کے خلاف کارروائی میں تاخیر اور مبینہ پشت پناہی کے الزامات پائے جاتے ہیں اور خاتون کے خاندان کو مسلسل ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ خاتون کے افراد خاندان کی شکایت پر حسینی علم پولیس نے کرائم نمبر 40/2019 تعزیرات ہند کے دفعات 354 اور 448 کے تحت خالد بن ماضی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ اسسٹنٹ کمشنر آف چارمینار ڈیویژن مسٹر بی انجایا کی جانب سے واقعہ کا جائزہ لینے اور پولیس پر الزامات کے بعد ان کی شخصی دلچسپی کے سبب مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ورنہ حسینی علم پولیس پر معاملہ کو معمولی قرار دیتے ہوئے سیاسی دباؤ کے نتیجہ میں ختم کردینے کے الزامات عائد ہوگئے تھے۔ اس سلسلہ میں حسینی علم پولیس انسپکٹر مسٹر رمیش کوتوال نے بتایا کہ پولیس نے فرید نامی شخص کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون سے بھی پولیس کی پوچھ گچھ باقی ہے۔