خاتون کو یرغمال بناکر رہزنی کرنے والے رہزن کی خود کشی

   

حیدرآباد ۔21۔ جولائی (سیاست نیوز) حاملہ خاتون کو یرغمال بناتے ہوئے 10 لاکھ روپئے کی رہزنی کرنے والا رہزن آج سکندرآباد علاقہ میں پھانسی لے کر خودکشی کرلیا ۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ پٹیل موتی رام راجیش یادو جو خانگی کمپنی میں کسٹمر کیر سرویس اگزیکیٹیو کی حیثیت سے کام کیا کرتا تھا ، جاریہ سال 12 مئی کو شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ایک حاملہ خاتون کو یرغمال بناتے ہوئے اس کے پاس سے 10 لاکھ روپئے لوٹ کر فرار ہوگیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی اور جوبلی ہلز پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے راجیش یادو کو علاقہ کیسرا میں گرفتار کرلیا اور بعد ازاں اسے جیل بھیج دیا تھا ۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے مذکورہ رہزن کے قبضہ سے 9 لاکھ روپئے بھی برآمد کرلئے تھے ۔ گرفتار ملزم کو چنچل گوڑہ جیل بھیج دیا گیا تھا اور حالیہ دنوں وہ ضمانت پر رہا ہوا تھا ۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ گرفتاری کے بارے میں اس کے افراد خاندان جو اترپردیش میں مقیم ہے ، کو پتہ چلنے پر وہ دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور اپنے کرایہ کے مکان واقع گوپالا پورم میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ پولیس گوپالا پورم نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا۔ب

ساتھی کی موت سے دل برداشتہ ساتھی کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ساتھی کی موت سے دل برداشتہ ساتھی نے خود کشی کرلی ۔ تلہ گنڈلہ پلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق 18 سالہ چندو یادو جو رام پور علاقہ کا ساکن تھا ۔ ایک ہفتہ قبل چندو یادو کے ساتھی سینو کی ایک حادثہ میں موت ہوگئی تھی اور کل سنیو کے مکان 5 دن کی تقریب تھی اس پروگرام میں شرکت کے بعد چندو یادو شدید دل برداشتہ ہوگیا اور اس نے خود کشی کرلی ۔۔ ع