خاتون کی عصمت ریزی کی کوشش ، نوجوان گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : فیوچر سٹی پولیس نے ایک 49 سالہ خاتون کی مبینہ طور پر عصمت ریزی کی کوشش کرنے والے 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔ کندرگ پولیس نے ایک کارروائی میں اس مدھو نامی نوجوان کو گرفتار کرلیا اور اس خاتون کو بچانے والے موبائل دوکان کے مالک عمر کو تہنیت پیش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کندرگ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر بی ایس ورا پرساد نے عمر کو تہنیت پیش کرتے ہوئے عمر کی دلیری کی ستائش کی ۔ سب انسپکٹر پولیس کے مطابق کندرگ منڈل سے تعلق رکھنے والی ایک 49 سالہ خاتون کندرگ بس اسٹیشن میں اپنے گاؤں جانے کے لیے بس کا انتظار کررہی تھی ۔ اس خاتون کو اکیلی دیکھ کر مدھو اپنی موٹر سائیکل پر پہونچا اور خاتون کو لفٹ دینے کے بہانے اپنی گاڑی پر بیٹھا لیا اور ایک سنسان علاقہ میں گاڑی روک دی اور اس خاتون کے ساتھ دست دراز کرتے ہوئے اس کی عزت کو لوٹنے کی کوشش کررہا تھا ۔ اس وقت عمر اس جانب سے گذر رہا تھا اور اس نے مدھو کو خاتون کے ساتھ دیکھ کر مدھو سے سوال کیا ۔ عمر کے سوالات سے پریشان ہو کر مدھو اپنی موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا ۔ جس کے بعد عمر نے اس پریشان حال خاتون کو اپنے ساتھ کندرگ پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور خاتون سے شکایت کروائی ۔ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے کارروائی کو انجام دیا اور مدھو کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا اور عمر کو تہنیت پیش کی گئی ۔۔ ع a/b