خاندانی سروے کے نام پر کوئی بھی لنک کو خاطر میں نہ لائیں : سائبر کرائم پولیس

   

حیدرآباد 10 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سائبر کرائمس نے ٹوئٹ کے ذریعہ عوام کو مشورہ دیا کہ وہ جامع خاندانی سروے کے نام پر لنک آنے پر اس لنک کو نہ کھولیں۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے خاندانی سروے کیا جارہا ہے جس میں سرکاری ملازمین گھر گھر جاکر خاندان کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ ایسے میں سائبر جرائم سے تعلق رکھنے والے افراد عوام کو سروے کے نام پر لنک بھیج سکتے ہیں اور جب یہ لنک کھولا گیا تو ان کی تمام تفصیلات انھیں حاصل ہوجائیں گی اور اس کے ذریعہ وہ بینک کھاتہ سے ان کی رقم غائب کرسکتے ہیں۔ عوام کو ہوشیار رہتے ہوئے سائبر مجرموں کی دھوکہ دہی سے محفوظ رہنے کی ضرورت ہے۔ جب بھی کوئی سروے کرنے آئے تو سب سے پہلے عوام ان کے آئی ڈی کارڈ کی جانچ کرلیں ورنہ سائبر دھوکہ دینے والی ٹولی ان کی تفصیلات حاصل کرکے انھیں دھوکہ دے سکتی ہے۔ (ش)