خاندان آصفیہ کی وقف کردہ اراضیات و جائیدادوں کے تحفظ پر زور

   

ایچ ای ایچ دی نظامس ٹرسٹ کے مذہبی امور کے ذمہ داروں کی چیرمین وقف بورڈ محمد سلیم سے نمائندگی
حیدرآباد۔21جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں خاندان آصفیہ کی جانب سے وقف کردہ اراضیات و جائیدادوں کے معاملات اور ان کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کیلئے آج ایچ ای ایچ دی نظامس ٹرسٹ کے مذہبی امور کے ذمہ داروں نے صدرنشین وقف بورڈو رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مذہبی امور کے تحت موجود موقوفہ جائیدادوں کی تفصیلات سے واقف کرویا اور ان جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کی خواہش کی ۔ محمد سلیم نے وفد کے ارکان سے ملاقات کے دوران مذہبی امور کے تحت موجود جائیدادوں اور ان کے موقف کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا اس سلسلہ میں بہت جلد ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے ہمراہ ایک اجلاس فلک نما پیالس میں منعقد کیا جائے گا اور اس سے قبل جائیدادوں کی موجودہ صورتحال سے واقفیت حاصل کی جائے گی ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ 24جنوری کو شہر حیدرآباد میں موجود نظام کی جانب سے موقوفہ جائیدادوں اور ان کی صورتحال کا معائنہ کرنے کے لئے دورہ کیا جائے گا اور قابضین کی تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ اجلاس کے دوران مذہبی امور کے ذمہ داروں نے بتایا کہ نظام کی جانب سے وقف کردہ کئی جائیدادوں پر ناجائز قابضین موجودہیں اور مزید جائیدادوں پر قبضوں کا سلسلہ جاری ہے اسے روکنے کے لئے فی الفور اقدامات ضروری ہے ۔ مذہبی امور کے وفد میں سیکریٹری جناب عمران کے علاوہ جناب عباس اور دیگر موجود تھے ۔ صدرنشین وقف بورڈ کے علاوہ بورڈ کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ہوئے اس اجلاس کے دوران یہ طئے کیا گیا کہ ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے ہمراہ اجلاس سے قبل شہر حیدرآباد میں موجود نظام کی موقوفہ جائیدادوں کا معائنہ کیا جائے اور ان جائیدادوں کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ تیارکی جائے تاکہ اجلاس میں ان جائیدادوں کے حصول اور قابضین کے خلاف کاروائی کے متعلق قطعی فیصلہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔بتایاجاتا ہے کہ نظام ٹرسٹ مذہبی امور کی جائیدادیں جو موقوفہ ہیں وہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی ہیں اوران جائیدادوں کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے اسی لئے ٹرسٹ کے ذمہ داروں نے تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی مدد سے مذہبی امور کے تحت موجود جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اوراسی فیصلہ کے تحت امور مذہبی کے عہدیداروں نے جناب محمد سلیم سے ملاقات کرتے ہوئے صورتحال سے آگاہ کروایا۔